سانحہ چلاس میں جلائی گئی بسوں کے معاوضوں کیلئے اقدامات کئے جائینگے، سید مہدی شاہ

جمعہ 24 اکتوبر 2014 17:28

گلگت بلتستان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستا ن سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ سانحہ چلاس میں جلائی گئی بسوں کے معاوضوں کیلئے اقدامات کئے جائینگے۔ وفاقی وزارت خزانہ کو خصوصی سمری ارسال کی جائیگی تاکہ سانحہ چلاس میں ہونے مالی نقصانات کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ممبر قانون ساز اسمبلی فدا محمد ناشاد کی سر براہی میں ٹرانسپورٹرز کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جگلوٹ سکردو روڈدفاعی اعتبار سے انتہائی اہم منصوبہ ہے سکردو روڈ کے توسیعی منصوبے کی تاخیر سے سکردو اور دور دراز علاقوں میں رہنے والوں کو بہت سے سفری مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکز میں حکومت تھی سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقاتوں میں جگلوٹ سکردو روڈ کے اہم منصوبے پر پیش رفت ہوئی لیکن چند وفاقی بیورکریٹس نے اس اہم منصوبے پر کام آغاز ہونے سے قبل اعتراضات لگائے جس کی وجہ سے یہ اہم منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف سے ہونے والے ملاقاتوں میں بھی جگلوٹ سکردو روڈ کی اہم اور عوام کو در پیش مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم پاکستان نے یقین دلایا تھا کہ اس اہم منصوبے کا افتتاح بہت جلد کرئینگے۔ لیکن ابھی تک اس اہم منصوبے کا افتتاح نہیں ہوسکا ہے۔ امید ہے کہ وزیر اعظم عوام کو در پیش سفری مسائل کے خاتمے اور دفاعی اعتبار سے اہم منصوبے کا جلد افتتاح کرینگے۔