نئی نسل کو صحت مند ماحول کی فراہمی مشترکہ ذمہ داری ہے، پولیو کے خلاف جنگ جیتنے کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں‘ شہبازشریف

جمعہ 24 اکتوبر 2014 17:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ حکومت پاکستان کی سب سے بڑی ترجیح ہے، اس وبائی مرض کے خاتمے کیلئے حکومت کے ساتھ معاشرے کے ہر فرد کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ مستقبل کے معماروں کو پولیو وائرس سے بچانے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب ہم سب اپنی اپنی جگہ پر پرخلوص کاوشوں میں حکومت کا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کیلئے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں بین الاقوامی اداروں کا تعاون اور کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ آئندہ نسلوں کو صحت مند اور پولیو سے پاک ماحول فراہم کریں۔ پولیو کے خلاف جنگ جیتنے کے سوا کوئی اور دوسرا آپشن نہیں۔ پاکستان کو پولیو فری زون بنا کر ہی دم لیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اپیل کی کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے والدین بھرپور تعاون کریں۔ یہ دن اس عزم کا اعادہ کرنے کا ہے کہ پولیو کے باعث پیدا ہونے والی معذوری اور خطرات سے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے مربوط کاوشوں کو مزید متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :