محرم الحرام کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان تیار، اشتعال انگیز تقاریر، لٹریچر ، وال چاکنگ کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم،محمد شہبازشریف

جمعہ 24 اکتوبر 2014 17:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات گزشتہ برسوں سے بڑھ کر کئے جائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، قیام امن کیلئے پہلے بھی وسائل فراہم کئے ہیں، آئندہ بھی کریں گے۔ صوبے بھر میں وضع کردہ جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

وہ جمعہ کے روز یہاں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سیکرٹری داخلہ اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کٹھن دور سے گزر رہا ہے۔

دہشت گردی اور انتہاپسندی نے ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ امن کے دشمن ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم متحد ہو جائے اور امن عامہ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ موجودہ حالات ہنگامی اور فول پروف انتظامات کے متقاضی ہیں لہٰذا محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے کمربستہ ہو جائیں اور قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔

مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور چار درجاتی حصار قائم کیا جائے۔ حساس مقامات کی خصوصی نگرانی کی جائے۔ مساجد ، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اشتعال انگیز مواد اور لٹریچر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔

خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر موثر انداز میں عملدرآمد کرایا جائے۔ اشتعال انگیز تقاریر اور وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس اور مقررہ اوقات کی پابندی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں۔

واک تھرو گیٹس، جنریٹرز، لائٹس اور دیگر ضروری اشیاء کا بھی بندوبست کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔ مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور کمیونیکیشن کے متبادل ذرائع کے انتظامات مکمل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام اور مشائخ عظام منبر رسول سے بھائی چارے، باہمی یگانگت اور تحمل و برداشت کا درس دیں کیونکہ یہ وقت اتحاد اوراتفاق کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی، ڈویژنل ، ضلعی اور تحصیل کی سطح پر امن کمیٹیوں کے اراکین متحرک انداز میں فرائض سرانجام دیں۔ صوبائی وزراء کرنل (ر) شجاع خانزادہ، مجتبیٰ شجاع الرحمن، ایم پی اے رانا ثناء اللہ،معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پنجاب، سیکرٹریز داخلہ، صحت، اطلاعات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :