سندھ پولیس نے 250 سے زائد بھتہ خوروں‘ ٹارگٹ کلرز اور دہشت گردوں کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کیلئے سندھ حکومت کو سمری ارسال کر دی

جمعہ 24 اکتوبر 2014 16:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) سندھ پولیس نے 250 سے زائد بھتہ خوروں‘ ٹارگٹ کلرز اور دہشت گردوں کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کیلئے سندھ حکومت کو سمری ارسال کردی‘ سروں کی قیمت 5 سے 50 لاکھ تک مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق سندھ پولیس نے کراچی اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے 250 سے زائد بھتہ خور‘ ٹارگٹ کلرز اور دہشت گردوں کے سروں کی قیمت 5 سے 50 لاکھ تک مقرر کرنے کی سمری حکومت سندھ کو ارسال کردی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں میں لیاری گینگ وار کے تمام گروپ‘ کالعدم تنظیموں کے ارکان اور متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے ملزمان کے نام شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ فہرست میں کالعدم پیپلز امن کے عذیر بلوچ‘ گینگ وار کے اہم کردار نور محمد عرف بابا لاڈلہ‘ شیراز کامریڈ‘ سکندر عرف سکو‘ فرحان ملا‘ نعیم ملا جبکہ متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے ملزمان میں سعید بھرم‘ وسیم باس‘ عامر بھورا جبکہ دیگر میں ارشد گھانچی‘ علی حیدر‘ ممتاز کے کے‘ ارشد کنٹو اور عثمان عرف عثمانی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں سندھ پولیس کے ذرائع کہنا ہے فہرست مرتب کرکے وزیر داخلہ سندھ کو ارسال کردی گئی ہے جبکہ محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس کی جانب سے مرتب کی فہرست موصول تو ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :