پاکستان کو جتنا خراب کیا جاسکتا تھا کرلیا گیا‘مزید خراب نہیں کیا جاسکتا،صدر ممنون حسین

جمعہ 24 اکتوبر 2014 14:53

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان کو جتنا خراب کیا جاسکتا تھا ،کرلیا گیا، اسے مزید خراب نہیں کیا جاسکتا۔ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرکے شدت پسندی کے مسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے ان خیالات کااظہارانہو ں نے بہاول پوراکنامک ڈویلپمنٹ فورم کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کیا مذاق لگا رکھا ہے کہ ملک کی ترقی کے لئے اچھے کام بھی نہیں کرنے دئے جاتے قومی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو قوم مسترد کر دے۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہ حقیقت اپنی جگہ مسلم ہے کہ ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان اقتصادی ابتری کا شکار ہے۔ ملک کو کرپشن نے بیانتہا نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں قومی خزانہ خالی ہوگیا، انکا کہنا تھا کہ پاکستان کو جتنا خراب کیا جاسکتا تھا ،کرلیا گیا، اسے مزید خراب نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

اب یہ ٹھیک ہوگا اور پوری قوم مل کر اس ملک کو قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیردینے میں کامیاب ہوجائے گی۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ انھیں وزیراعظم نے بتایا کہ اقتصادی بدحالی کی وجہ سے انکو راتوں کو نیند نہیں آتی۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ بہاول پور کی ترقی کے لیے حکومت پاکستان کی پالیسیاں غیر معمولی اہمیت کی حامل ہیں۔ سولر پارک اوروٹرنری یونیورسٹی کے منصوبے، اسلامیہ یونیورسٹی کے مسائل کے حل کے لیے 860ملین روپے پر مشتمل ترقیاتی فنڈز کا قیام اور اسی طرح کے کئی دیگر منصو بے بہاولپور کی ترقی میں غیر معمولی کردار اداکریں گے۔

وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی طرف سے ریور ستلج لیک پارک سمیت دیگر منصوبے بھی بہاولپور کے انفرااسٹرکچر اور سماجی شعبوں میں بہتری لانے کے ضمن میں غیر معمولی اہمیت کے حامل ثابت ہوں گے۔ ان منصوبوں پر عمل درآمد کے بعد بہاولپور اور گردونواح میں جو ترقی ہوگی ، اس کے اثرات پنجاب کے دیگر اضلاع تک ہی محدود نہیں رہیں گے بلکہ سندھ اور بلوچستان پر بھی پڑیں گے۔

انھوں نے کہا کہ بہاولپور کا چولستان، وہاں کی زندگی اور قلعہ دراوڑ جیسے آثار قدیمہ سیاحوں کے لئے بے پناہ کشش رکھتے ہیں۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بہاولپور اکنامک ڈویلپمنٹ فورم جیسے ادارے دنیا بھر سے سیاحوں کو اس علاقے کی طرف راغب کرنے کے لیے قابلِ عمل منصوبے بنائیں کیونکہ سیاحوں کی آمد کے ساتھ صرف آمدن میں ہی اضافہ نہیں ہوتا، مقامی آبادی کی معیشت ہی بہتر نہیں ہوتی بلکہ عوام کا رہن سہن اور معیار زندگی بھی بلند ہوجاتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ قوم کا ہر فرد ہر مصلحت کو بالائے طاق رکھ کر قومی تعمیر نو کے عظیم کام میں مصروف ہوجائے تاکہ اکنامک کاریڈور کا عظیم الشان منصوبہ ہو یا بجلی کی پیداوار، ان کے مکمل ہونے کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہوسکئے۔ صدر مملکت نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرکے شدت پسندی کے مسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :