دہشت گردی کو حکومتی ناکامی قرار نہیں دیا جاسکتا یہ آمریت کے دور میں پھلی پھولی ہے، شرجیل انعام میمن

جمعہ 24 اکتوبر 2014 14:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کا یہ جمہوری حق ہے کہ وہ حکومت میں رہے یا اپوزیشن کا حصہ بنے۔ ایم کیو ایم نے ایک فیصلہ کیا ہے ، ان کو ماننا ہوگا تو وہ مان جائیں گے۔ ایم کیو ایم کو اسمبلی میں اس وقت تک اپوزیشن کی نشستیں نہیں الاٹ ہوسکتی جب تک گورنر سندھ ان کے وزراء کے استعفیٰ منظور نہیں کرلیتے۔

بلوچستان میں گذشتہ روز ہونے والی دہشتگردی کو حکومتی ناکامی قرار نہیں دیا جاسکتا کیونکہ یہ دہشتگردی بہت پرانی اور آمریت کے دور میں پھلی پھولی ہے۔ وہ جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جمہوریت اور سیاست میں ہر ایک سیاسی جماعت کا حق ہے کہ وہ اپنے فیصلے آزادانہ طور پر کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک آزاد اور خودمختار سیاسی جماعت ہے اس لئے ان کو حکومت میں شامل کرنے یا نہ کرنے یا منانے کی کوئی بات نہیں ہے۔

ان کو ماننا ہوگا تو مان جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے وزراء نے اپنے استعفیٰ گورنر سندھ کو بھیجیں ہیں اور جب تک وہ منظور نہیں ہوجاتے انہیں اسمبلی میں اپوزیشن کی نشستیں الاٹ نہیں کی جاسکتی۔ ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی پر صوبائی یا وفاقی حکومتی ناکامی قرار دینا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی تو یہ الزامات ہم پر لگائے جاتیرہے ہیں لیکن ہم اس وقت بھی یہی کہتے رہے اور آج بھی یہی کہتے ہیں کہ یہ حکومتی ناکامی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی صوبائی یا وفاقی حکومت نہیں چاہتی کہ ان کے صوبے میں کوئی دہشتگردی ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ دہشتگردی کی لہر آمریت کے دور میں پھلی پھولی ہے اور دہشتگردوں کا ملک بھر میں پھیلنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تما م سیاسی جماعتوں کو سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام مسائل کا حل نکالنے کے لئے اقدامات کرنے چاہیئے۔