سینٹ اجلاس ‘ دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بغیر کسی کارروائی کے ملتوی

جمعہ 24 اکتوبر 2014 14:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء)سینیٹ کا اجلاس دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دیا گیا۔ جمعہ کو سینٹ کا اجلاس کا مقررہ وقت ساڑھے دس بجے کا تھا تاہم اراکین کی آمد میں تاخیر کی وجہ سے اجلاس گیارہ بجے کے بعد شروع ہوا۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر رحمن ملک نے نکتہ اعتراض کہا کہ ہندو برادری کے دیوالی کے پرمسرت تہوار کے موقع پر ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایوان کی کارروائی نہیں ہونی چاہیے اور اجلاس ملتوی کیا جائے جس پر قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ وزیراعظم کی بھی خواہش ہے کہ دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایوان بالا کا اجلاس ملتوی کیا جائے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پوری قوم دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے اس لئے ایوان کی کارروائی ملتوی کی جاتی ہے۔ سینٹ کااجلاس پیر کی شام سہ پہر ساڑھے تین بجے ہو گا۔