ایوان بالا کا اجلاس دیوالی کے تہوار کے باعث ملتوی کردیاگیا، کارروائی صرف 10 منٹ چلائی گئی، ہندو برادری کی خوشیوں میں شرکت کیلئے وزیراعظم میاں نوازشریف نے اجلاس ملتوی کرنے کی استدعا کی ہے ،قائد ایوان راجا ظفر الحق

جمعہ 24 اکتوبر 2014 14:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) ایوان بالا کا اجلاس دیوالی کے تہوار کے باعث ملتوی کردیاگیا، کارروائی صرف 10 منٹ چلائی گئی، راجا ظفر الحق نے استدعا کی کہ ہندو برادری کی خوشیوں میں شرکت کیلئے وزیراعظم میاں نوازشریف نے اجلاس ملتوی کرنے کی استدعا کی ہے جس پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹر صابر بلوچ نے اجلاس کی کارروائی کو معطل کرتے ہوئے پیر کی سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کردیا۔

جمعہ کے روز ایوان بالا کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر صابر بلوچ کی زیر صدارت تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا۔ تلاوت کلام پاک کے فوراً بعد قائد ایوان سینیٹ سینیٹر راجا ظفر الحق اپنی نشست پر کھڑے ہوئے اور ایوان کی توجہ ہندو برادری کے تہوار دیوالی کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہاکہ دیوالی ہندو برادری کا مذہبی تہوار ہے اور اظہار یکجہتی کیلئے وزیراعظم میاں نوازشریف نے استدعا کی ہے کہ اجلاس کو ہندو برادری سے یکجہتی کے اظہار کیلئے ملتوی کیا جائے اور ان کی خوشیوں میں شریک ہوا جائے جس پر ڈپٹی سپیکر سینیٹر صابر بلوچ نے کہاکہ وقفہ سوالات سمیت ایوان کی باقی کارروائی معطل کی جاتی ہے جس کے بعد اجلاس کو پیر کی سہ پہر 3بجے تک ملتوی کردیا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اجلاس کی کارروائی صرف 10منٹ تک چلائی گئی جبکہ یہ ایوان بالا کا پہلا اجلاس ہے جو تلاوت کلام پاک کے علاوہ دیگر ایجنڈے پر بغیر کارروائی کے دیوالی کی خوشی کے باعث ملتوی کیاگیا۔

متعلقہ عنوان :