پاکستان اور سویڈن کے با ہمی دوستانہ تعلقات کو اقتصادی تعاون سے مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے، سید نئیر حسین بخاری

جمعہ 24 اکتوبر 2014 14:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) چیئر مین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سویڈن آپس میں دوستانہ تعلقات رکھتے ہیں اور سیاسی روابط کو اقتصادی تعاون سے مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سویڈن کی پارلیمنٹ کے سپیکر اربن اہلن سے ملاقا ت میں کیا یاد رہے کہ چیئر مین سینیٹ سینیٹرز کے تین رکنی وفد کی قیادت کر رہے ہیں جو اربن اہلن کی دعوت پر سویڈن کا دورہ کر رہا ہے ۔

چیئر مین سینیٹ نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا اور مختلف شعبوں میں اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں کے ذریعے تعلقات مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے تجارت میں تعاون کی نئی راہیں ہموار کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور سویڈن کے سرمایا کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں ۔

ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال سے متعلق امور بھی زیر غور آئے اور پاک بھارت تعلقات ، مسئلہ کشمیر ، افغانستان اور دہشت گردی کے مسائل پر بھی بحث ہوئی ۔ چیئر مین سینیٹ نے بھر پور انداز میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو بیان کیا اور کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پر امن حال پر یقین رکھتا ہے اور چاہتا ہے کہ یہ مسئلہ کشمیر ی عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہو۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل ایک پر امن اور مستحکم جنوبی ایشاء کے لئے ناگزیر ہے۔سید نئیر حسین بخاری نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی لعنت سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ایک مستحکم اور پر امن افغانستان کی حمایت کی ہے ۔ ملاقات میں دونوں فریقوں نے اپنے ممالک میں قانون سازی اور پالیسی سازی میں خواتین اراکین پارلیمنٹ کے کردار کو سراہا اور اس پر مزید توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زوردیا ۔

سویڈن کے پارلیمنٹ کے سپیکر نے چیئر مین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو سراہا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔اربن اہلن نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے مذاکرات موثر ثابت ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے پاکستان اور سویڈن کے درمیان تجارت کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک میں تعاون بڑھانے کی بہت گنجائش ہے ۔

چیئر مین سینیٹ کی قیادت میں وفد نے سویڈن کی خارجہ امور کی کمیٹی سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات کی اہمیت کے علاوہ علاقائی حالات بھی زیر غورئے ۔ سید نئیر حسین بخاری نے واضح الفاظ میں بتایا کہ پاکستان عدم مداخلت کی پالیسی میں یقین رکھتا ہے اور ایک مستحکم اور پر امن افغانستان ہی پاکستان کے مفاد میں ہے ۔ انہوں نے کمیٹی کو پاک بھارت تعلقات سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان نتیجہ خیز مذاکرات میں یقین رکھتا ہے ۔وفد نے بعد ازاں سویڈن کی کمیٹی برائے آئین سے بھی ملاقات کی اور کسی بھی ملک کیلئے آئین اور اس پر عملدرآمد کی اہمیت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ وفد میں سینیٹر نزہت صادق ، سینیٹر نجم الحسن ، اور سینیٹر فر حت عباس شامل ہیں ۔

متعلقہ عنوان :