یورپی رہنما کاربن کے اخراج میں کمی پر متفق

جمعہ 24 اکتوبر 2014 12:31

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء)یورپی یونین کے رہنما گرین ہاوٴس گیسوں میں کمی کے ایک اہم معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں جس کے تحت ان گیسوں کے اخراج میں سنہ 2030 تک 40 فیصد کمی لائی جائے گی۔یہ معاہدہ برسلز میں منعقدہ اجلاس میں طے پایا جس میں ہونے والی بحث کے دوران یونین کے کچھ رکن ممالک نے اپنے مفادات کے تحفظ کے مطالبات بھی کیے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق معاہدے کی وجہ سے یورپی یونین کو عالمی ماحولیاتی پالیسی میں ایک رہبر کا کردار مل سکتا ہے۔یورپی ممالک کی تنظیم نے توانائی کے مجموعی استعمال میں دوبارہ قابل استعمال توانائی کا حصہ بڑھا کر 27 فیصد کرنے پر بھی اتفاق کیا ۔اجلاس کے دوران کاربن کے اخراج کے معاملے پر یورپی ممالک میں گہرے اختلافات بھی سامنے آئے۔

(جاری ہے)

ایندھن کیلئے کوئلے پر بڑی حد تک انحصار کرنے والے ملک پولینڈ نے خدشہ ظاہر کیا کہ کاربن کے استعمال میں کمی اس کی معیشت کی ترقی پر اثرانداز ہوگی۔

پولینڈ کے علاوہ وسطی اور مشرقی یورپ کے کئی ممالک نے بھی اس خدشے کا اظہار کیا۔یورپی کونسل کے صدر ہرمن وین رومپوئی نے اجلاس کے بعد کہا کہ یونین کے غریب ارکان کو مقررہ اہداف کے حصول کیلئے مدد دی جائے گی جس میں مالی امداد بھی شامل ہے۔انھوں نے معاہدے کو دنیا کا سب سے خواہشمندانہ معاہدہ قرار دیا ۔