طاہرالقادری نے دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ ہماری مشاورت سے کیا،چوہدری شجاعت

جمعرات 23 اکتوبر 2014 23:10

طاہرالقادری نے دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ ہماری مشاورت سے کیا،چوہدری ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت نے دعو ی کیا ہے کہ طاہرالقادری نے دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ ہماری مشاورت سے کیا، سیاسی جرگہ اب جلد تحریک انصاف سے ملاقات کرے گا تاہم مڈ ٹرم الیکشن ہوتے دکھائی نہیں دیتے۔جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ حکمران آرام سے سیاست کریں اور بیانات میں شائستگی لائیں اگر پنڈورا باکس کھول دیا تو سب کچھ ختم ہوجائے گا۔

اسلام آباد میں سینیٹر رحمان ملک سے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی حالات وسط مدتی انتخابات کی جانب جارہے ہیں تاہم اس حوالے سے پیپلزپارٹی پہلے بھی واضح کرچکی ہے کہ حکومت کو اپنی مدت پوری ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں اس لئے وزرا کو چاہیئے کہ اپنے بیانات میں شائستگی لائیں اور آرام سے حکومت کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپشن کی باتیں کرنے والے اپنے آپ کو دیکھیں اگر پنڈورا باکس کھول دیا تو کچھ نہیں رہے گا اس لئے حکومتی وزرا کو چاہیئے کہ وہ گالیاں دینا چھوڑ دیں اور حکومت پر توجہ دیں۔سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پیٹرول ڈیزل مہنگا ہونے کی باتیں گاڑیوں میں بیٹھے لوگوں کے منہ سے اچھی لگتی ہیں کسی لیڈر کے منہ سے نہیں، انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات ہونی چاہئے اگر دھاندلی ثابت ہوجائے تو حکومت کو گھر جانا چاہیئے جبکہ اس حوالے سے وزیراعظم نواز شریف بھی واضح اعلان کرچکے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ثابت ہوگئی تو حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

اس سے قبل چوہدری شجاعت سے ملاقات کے دوران انہوں نے طاہرالقادری کا دھرنا ختم کرنے پر چوہدری شجاعت کے کردار کو سراہا جبکہ مسلم لیگ (ق) کے صدرکا کہنا تھا کہ طاہرالقادری نے دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ ہماری مشاورت سے کیا، سیاسی جرگہ اب جلد تحریک انصاف سے ملاقات کرے گا تاہم مڈ ٹرم الیکشن ہوتے دکھائی نہیں دیتے۔

متعلقہ عنوان :