حلقہ پی پی 162 کے ضمنی انتخابات،مسلم لیگ(ن) کے امیدوار چودھری حسان ریاض نے متحدہ اپوزیشن کے ا میدوار کو بھاری اکثریت سے شکست دے دی

جمعرات 23 اکتوبر 2014 22:14

مریدکے(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 162 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار چودھری حسان ریاض نے متحدہ اپوزیشن کے ا میدوار کو بھاری اکثریت سے شکست دے دی۔پولنگ کے دوران متعدد اسٹیشنوں پر معمولی لڑائی جھگڑے کاسلسلہ دن بھر جاری رہا جبکہ نواحی علاقہ پکھیالہ میں لیگی امیدوار کی گاڑی توڑ دی گئی۔

مسلم لیگ(ن) کے امیدوار کی کامیابی پر ان حامیوں کے بھنگڑے رات گئے جاری رہیہوائی فائرنگ کی گئی جبکہ پولیس نے وزیر اعلی پنجاب کے نوٹس لینے پر چار افراد کو ہوائی فائرنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ چار مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر فریقین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے باعث پولنگ کا عمل کچھ دیر تک معطل رہا۔ تفصیل کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے ایم پی اے خرم گلفام اشرف کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں مرحوم ایم پی اے کے کزن چودھری حسان ریاض اور آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والے پاکستا ن پیپلز پارٹی کے ضلعی سیکرٹری جنرل چودھری عثمان نثار پنوں کے درمیان مقابلہ تھا ۔

(جاری ہے)

عثمان نثار پنوں کو پی ٹی آئی، پی پی پی، جماعت اسلامی سمیت تمام سیاسی جماعتوں اور جاٹ برادری کی حمائت حاصل تھی لیکن غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق کل123پولنگ اسٹیشنوں میں سے موصول ہونے والے ایک سو پولنگ اسٹیشنوں سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار حسان ریاض کو34879جبکہ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار عثمان نثار پنوں کو17560ووٹ ملے۔ صبح آٹھ بجے شروع ہونے والے پولنگ کے عمل کے دوران سب سے پہلے آہدیاں پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی ہوئی جہاں مسلم لیگی امیدوار حسان ریاض نے اعتراض کیا کہ پولنگ کا عملہ مخالف امیدوار کے انتخابی نشان والی پرچیوں پر بیلٹ پیپر جاری کر رہا ہے۔

دوسرا واقع موضع مہے میں ہوا جہاں مبینہ طور پر مسلم لیگ(ن) کے حامیوں نے فائرنگ کی اور تین افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا جس پر متحدہ اپوزیشن کے حامیوں نے پولنگ کا عملہ روکنے کے لیے کہا تا ہم پریذائڈنگ آفیسر محمد فیاض نے ریٹرننگ آفیسر کے حکم کے بغیر پولنگ روکنے سے انکار کر دیا۔ ایس ایچ او تھانہ صدر مریدکے میا ں معظم علی نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کر کے انتخابی عملی جاری کرا دیا۔

موضع پکھیالہ سے بھی لڑائی جھگڑے کی اطلاعات موصول ہوئیں جہاں متحدہ اپوزیشن کے حامیوں نے (ن) لیگی ارکین اسمبلی کے پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش میں امیدوار حسان ریاض کی گاڑی توڑ ڈالی۔ اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تاہم معاملات کو کنٹرول کر لیا گیا۔ موضع بوڑے اوٹھ میں بھی فریقین کے درمیان کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا جس کی زد میں آکر رمضان فوجی نامی 65سالہ شخص زخمی ہو گیا۔

لیگی امیدوار کی طرف سے واضع برتری حاصل کرنے کی خوشی میں حامیوں نے ہوائی فائرنگ کر دی جس پر وزیر اعلی پنجاب میں شہبا ز شریف نے خبر کے میڈیا پر چلنے کے بعد فوری ایکشن لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو کاروائی کی ہدائت کی۔ نارنگ منڈی پولیس نے چار افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :