عدالتی حکم عدولی کرنے والے 5ایس ایچ اوز کو شوکاز نوٹس جاری

جمعرات 23 اکتوبر 2014 22:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) ایڈیشنل سیشن جج نعیم احمد نے عدالتی حکم عدولی کرنے والے 5ایس ایچ اوز کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔ عدالت میں زیر سماعت مختلف مقدمات میں ایس ایچ او یکی گیٹ، قلعہ گجر سنگھ، پرانی انارکلی ،اچھرہ اور تھانہ نشترکالونی کے ایس ایس ایچ اوز کو فاضل جج نے متعدد بار طلبی کے نوٹس جاری کئے لیکن وہ عدالت حاضر نہیں ہورہے تھے جس پر عدالت نے گزشتہ روز155-Cکے تحت مذکورہ بالا ایس ایچ اوز کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پیشی پر جواب طلب کرلیا ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج اعجاز حسن اعوان نے مسلسل عدالتی حکم عدولی کرنے والے 2تھانوں کے ایس ایچ اوز کی تنخواہ قرقی کا حکم دے دیا ہے۔ جن ایس ایچ اوز کی تنخواہ قرقی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ان میں ایس ایچ او تھانہ ہربنس پورہ اور ستوکتلہ شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

مذکورہ ایس ایچ اوز عدالت میں زیر سماعت قتل کے مقدمات میں عدالتی حکم کے باوجود عمل درآمد نہیں کررہے تھے جس پر عدالت نے گزشتہ روز مذکورہ بالا احکامات جاری کردیئے ہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج نے 2مختلف منشیات کے مقدمات میں ملوث 2ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ ملزم عبدالجبار کے خلاف تھانہ فیکٹری ایریا میں جبکہ ملزم ریاض کے خلاف تھانہ ہڈیارہ میں بجرم9-Bکے تحت مقدمات درج ہیں ۔گزشتہ روز عدالت نے دونوں ملزمان کو 512کے تحت اشتہاری قرار دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ہے ۔