Live Updates

تحریک انصاف کا ملک میں مخصوص افراد کے معیارِِزندگی کو بلند کرنے کے عزم کا اعادہ

جمعرات 23 اکتوبر 2014 22:03

اسلام آبا د (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء ) پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں مخصوص افراد کے معیارِِزندگی کو بلند کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ان کیلئے خصوصی شہری و سماجی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے ان کیلئے ترقی کے مواقع پیدا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ خصوصی افراد معاشرے کی تعمیر و ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کی صلاحیتیں رکھتے ہیں، تاہم یکے بعد دیگر حکومتوں کی جانب سے ان کی زندگیوں پر توجہ نہ دیے جانے کی وجہ سے زندگی کی دوڑ میں قدرے سست روی کا شکار ہیں۔

ان خیالات کا اظہا رانہوں نے آزادی چوک میں خصوصی افراد کیلئے مخصوص دن کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جسمانی معذوری کے شکار افراد معاشرے کے صحت مند افراد کے ساتھ ریاست کی بھرپور توجہ کے حقدار ہیں چنانچے ان کی فلاح و بہبود تحریک انصاف کے پروگرام میں سر فہرست ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام جفاکش اور انتہائی محنتی ہیں اور خصوصی افراد نے بھی بیشتر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

خصوصی محنت اور توجہ کے ذریعے انہیں لاحق معذوریوں سے پیدا شدہ مسائل کم کئے جا سکتے ہیں اور انہیں معاشرے کا اپاہج حصہ بنانے کی بجائے ایک کارآمد طبقے میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ انشاء اللہ تحریک انصاف نئے پاکستان میں خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دے گی اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے موزوں وسائل مہیا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی سرپرستی کے ذریعے معذور افراد کو بہتر زندگی کے مواقع فراہم کرینگے اور زندگی کی دوڑ میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ میں صوبائی حکومت نے معذوروں کی دیکھ بھال اور ان کی فلاح وبہبود کیلئے قابلِ ذکر وسائل مہیا کیے ہیں انشاء اللہ اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا اور نئے پاکستان میں خصوصی افراد کی ترقی پر خاطر خواہ توجہ دی جائے گی۔ اپنے خطاب میں چیئرمین تحریک انصاف نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں کارہائے نمایاں سرانجام دینے والے معذور افراد کے عزم وہمت کو سراہا اور ان کی محنت اور لگن کی داد دی۔

معذوروں کیلئے مخصوص دن میں ملک بھر سے خصوصی افراد سینکڑوں کی تعداد میں آزادی دھرنے میں شریک ہوئے اور انہوں نے نئے پاکستان کے قیام کیلئے جاری تحریک میں نہ صرف شمولیت اختیار کی بلکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ خصوصی افراد کے لئے تقریب کا اہتمام پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی اور منزہ حسن نے کیا۔ تقریب سے پاکستان تحریک انصاف شعبہ معذوراں کی صدر انعم نقوی، جنرل سیکرٹری فرقان ، انفارمیشن سیکرٹری سلیمان ارشد،بلال جاوید، شہزاد جاوید،سردار ریاض شیر حسن، ریاض الحق، محمد زادہ، محمد اویس اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :