بھارتی وزیراعظم کی سیاچن میں فوجیوں سے ملاقات

جمعرات 23 اکتوبر 2014 21:56

بھارتی وزیراعظم کی سیاچن میں فوجیوں سے ملاقات

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی جمعرات کو دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سمجھے جانے والے سیاچن گلیشیئر پہنچے جہاں انھوں نے بھارتی فوجیوں سے ملاقات کی۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی جمعرات کی صبح کشمیر پہنچے اور یہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے انھوں نے دنیا کے بلند ترین میدان جنگ کہلانے والے سیاچن گلیشیئر کا دورہ کیا اور وہاں بھارتی افواج کے ساتھ ملاقات کی۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ "یہ میری خوش قسمتی ہے کہ اس خاص دن پر میں اپنے بہادر سپاہیوں کے ساتھ وقت گزاروں گا۔" جب بھارت سمیت دن بھر میں ہندو مذہب کے ماننے والے دیوالی کا تہوار منا رہے ہیں۔جمعرات کی صبح روانگی سے قبل انھوں نے ٹوئٹ کیا کہ "میں بھارت کے ہر شہری کی طرف سے یہ پیغام لے کر سیاچن جا رہا ہوں کہ ہم تمہارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

"مقامی ٹی وی چینلز پر بعد ازاں نشر کیے گئے مناظر میں نریندر مودی کو سیاچن میں فوجیوں سے ملتے اور انھیں مبارکباد دیتے ہوئے دکھایا گیا۔سیاچن کوہ ہمالیہ کے شمالی سلسلے میں واقع ہے اور 1984ء سے یہ علاقہ پاکستان اور بھارت کے درمیان متنازع چلا آرہا ہے۔سطح سمندر سے 20 ہزار فٹ سے زائد بلند اس غیر آباد علاقے میں دونوں ملکوں کے دس سے بیس ہزار فوجی اپنی اپنی پوسٹیں سنبھالے ہوئے ہیں اور ماضی میں ان کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ بھی ہو چکا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نے سیاچن کا دورہ ایک ایسے وقت کیا ہے جب متنازع علاقے کشمیر میں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باوٴنڈری پر فائرنگ کے تبادلے کے واقعات میں اضافے سے دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان تناوٴ پایا جارہا ہے اور بھارت کے فوجی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ جموں کے بعض سرحدی سیکٹروں پر جمعرات کی صبح پاکستانی افواج نے بھارتی تنصیبات پر فائرنگ کی ہے۔

دریں اثنا نریندر مودی کے کشمیر کے دورے کے خلاف وادی میں حریت پسندوں کی کال پر ہڑتال کی گئی۔ شہر میں سکیورٹی پابندیوں اور ناکہ بندی کی وجہ سے بھی عام زندگی متاثر رہی۔ بی جے پی کے مقامی کارکنوں نے نریندر مودی کا استقبال گورنر ہاوٴس میں کیا۔حکومت نے وزیراعظم کے سامنے 44 ہزار کروڑ روپے کا بحالی منصوبہ رکھا ہے جو سیلاب سے متاثرہ آبادیوں کی آبادکاری کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :