صادق اور امین کی تعریف کا تعین، کون کون فارغ ہوتا ہے سروکار نہیں، سپریم کورٹ

جمعرات 23 اکتوبر 2014 21:30

صادق اور امین کی تعریف کا تعین، کون کون فارغ ہوتا ہے سروکار نہیں، سپریم ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اکتوبر۔2014ء) سپریم کورٹ میں وزیراعظم نااہلی کیس کی سماعت کے دوران جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ صادق اور امین کی تعریف کا تعین ہو جانا چاہئے، اس سے سروکار نہیں کہ کتنے رکن فارغ ہوتے ہیں یا آدھی اسمبلی خالی ہوجاتی ہے، تعین ہوگا کہ منتخب اداروں میں کس قسم کے لوگوں نے بیٹھنا ہے۔عدالت عظمی کے 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جسٹس جواد نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ کے جج صاحبان نے اس معاملے کو سیاسی قرار دیکر ناقابل سماعت ٹھہرایا، بظاہر یہ سیاسی نہیں بلکہ قانونی معاملہ ہے، تعین ہوجانا چاہئے کہ صادق اور امین کی تعریف میں کون آتا ہے کون نہیں، یہ اصول وضع ہوگیا تو تمام عدالتیں اس کی پابند ہوں گی۔

جسٹس جواد کا کہنا تھا کہ شروع میں ہمیں لگا کہ اس فیصلے میں ہماری مداخلت کی ضرورت نہیں، نئے قانونی نکات اٹھے ہیں لہٰذا عدالت فیصلہ دے گی، اس سے سروکار نہیں کہ کتنے رکن فارغ ہوتے ہیں یا آدھی اسمبلی خالی ہوجاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالت قانون کو سامنے رکھ کر فیصلہ دے گی، کوئی رکن ہو یا نہ ہو، قوم کے ساتھ سچ بولنا سب کی ذمہ داری ہے، عدالتی فیصلہ آجائے تو پھر ثبوت کے ساتھ معاملہ آگے بڑھے گا، تعین ہوگا کہ منتخب اداروں میں کس قسم کے لوگوں نے بیٹھنا ہے۔

عدالت نے اٹارنی جنرل کو قانونی نکات پر آئندہ پیشی سے قبل جامع جواب جمع کرانے کی ہدایت کی اور قرار دیا کہ تینوں درخواست گزار بتائیں کہ ان کی پٹیشنز انفرادی حیثیت میں ہیں یا جماعت کی نمائندگی کرتی ہیں، کیس کی سماعت آئندہ ہفتے کیلئے ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :