طاہر القادری کی انتخابی نظام میں واپسی جمہوریت کی مضبوطی کا سبب بنے گی ‘ سراج الحق

جمعرات 23 اکتوبر 2014 21:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے وزیر اعظم کی پارلیمانی لیڈروں کے اجلاس میں تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی کے استعفے قبول نہ کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حالیہ تحریکوں کے طرز عمل نے یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں آئین اور جمہوریت مضبوط اور مستحکم ہورہے ہیں ۔

اپنے ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن نے جمہوری رویوں کی مثبت مثال قائم کی ہے جسے آئندہ بھی قائم رہنا چاہئے۔انہوں نے ڈاکٹر طاہر القادری کے دھرنوں کے اختتام اور عوامی رابطہ مہم کے فیصلے کو بھی مستحسن قرار دیااور کہا کہ طاہر القادری نے ثابت کیا ہے کہ سیاست ایک ایسی لچکدار شے ہے جو ہر حال میں جنگ کے بجائے جدوجہد کا راستہ تلاش کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی انتخابی نظام میں واپسی جمہوریت کی مضبوطی کا سبب بنے گی ۔سراج الحق نے کہا کہ دھرنے والوں کے لچکدار رویے سے حکومت اس غلط فہمی کا شکار نہ ہو کہ بحران ختم ہوگیا ہے ،اب ضرورت ہے کہ سیاسی بحران کے حل کیلئے تمام قوتیں مثبت مذاکرات کی طرف آگے بڑھیں ،عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیااور ملک میں عدل و انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ،انہوں نے کہا کہ جب تک عام آدمی کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت نہیں دی جاتی ملک سے بدامنی اور بے چینی کا خاتمہ ممکن نہیں ،انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ حکومت مسائل کو حل نہ کرسکی تو آنے والے دنوں میں بھی ایک کے بعد دوسرا بحران سر اٹھاتا رہے گا۔