دھرنوں کے باعث بجلی کے منصوبوں میں ہونیوالی تاخیر کی عزم اور ہمت کے ساتھ تلافی کریں گے‘ شہبازشریف

جمعرات 23 اکتوبر 2014 20:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک کو مشکل حالات اور بحرانوں سے نکالنے کے لئے سنجیدہ کاوشیں کررہی ہے ،وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لانے کا وعدہ پورا کریں گے ،دھرنوں کے باعث بجلی کے منصوبوں میں ہونے والی تاخیر کی عزم اور ہمت کے ساتھ تلافی کریں گے۔

وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کے روز یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں ایم این ایز جاوید شاہ، اظہر قیوم ناہرہ،صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک،صوبائی وزیر جیل خانہ جات عبدالوحیدچودھری،ایم پی ایزجاوید اختر،سردار محمد نوازخان،میاں طاہر،محمد یعقوب ندیم سیٹھی ،پیر کاشف علی چشتی اور سابق ایم این اے مدثر قیوم ناہرہ شامل تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے اقتدار میں آتے ہی ملک کی ترقی کا جو سفر شروع کیا تھا اسے مکمل کریں گے۔خدمت خلق اور عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنا پاکستان مسلم لیگ(ن) کا ایجنڈا ہے ۔بے وقت کے دھرنوں اور احتجاجی سیاست سے قومی معیشت کو دھچکا لگاہے ۔ہمیں محنت،عزم اور ہمت سے کام کرکے وطن عزیز کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنا ہے ۔

انہوں نے اراکین اسمبلی پر زور دیا کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں ۔دریں اثناء وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک نے سیلاب متاثرین او رآئی ڈی پیز کیلئے 11لاکھ 20ہزار روپے کا امدادی چیک دیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کرنے والوں کا جذبہ لائق تحسین ہے، پنجاب حکومت سیلاب متاثرین اور آئی ڈی پیز کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔امدادی رقوم کی پائی پائی امانت سمجھ کرمصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لئے خرچ کی جا رہی ہے۔مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لئے آگے آنے والوں کو دنیا اور آخر ت میں اجر ملے گا۔

متعلقہ عنوان :