مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کیا جائے ،170ارکان کے دستخطوں سے پرائیویٹ بل اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع

جمعرات 23 اکتوبر 2014 20:02

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء ) پنجاب اسمبلی کے اراکین نے مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا مطالبہ کر دیا،170ارکان کے دستخطوں کے ساتھ لیگی رکن میاں طاہر جمیل نے پرائیویٹ بل پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دیا ، بنیادی تنخواہ 12ہزار سے بڑھا کر 60ہزار روپے کرنے کا مطالبہ ،الاؤنسز اور چاراسلحہ لائسنس سمیت دیگر مراعات بھی مانگ لیں۔

دو روز قبل پنجاب اسمبلی نے بلیو پاسپورٹ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے قرارداد پاس منظور کی ہے تاہم اب تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 170ارکان کے دستخطوں کے ساتھ لیگی رکن میاں طاہر جمیل نے پرائیویٹ بل جمع کرایا ہے جس میں ہر ایم پی اے کی بنیادی تنخواہ بارہ ہزار سے بڑھا کر ساٹھ ہزار، ڈیلی الاؤنس 650 سے بڑھا کر پانچ ہزار ، کنوینس الاؤنس 400 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے ، ٹریولنگ الاؤنس پانچ روپے فی کلو میٹر سے بڑھا کر پندرہ روپے فی کلو میٹر جبکہ ایڈیشنل ٹریولنگ الاؤنس 75000 ہزار سے بڑھا کر دو لاکھ روپے سالانہ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بل میں اسٹینو ٹائپسٹ ، کلرک اور نائب قاصد کی سہولت کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ تاحیات اسمبلی سیکرٹریٹ انٹری ،اسپیکر گیلری ، اسمبلی لائبریری کی سہولت دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ ائیرپورٹ پر وی آئی پی لاؤنج کے استعمال اور چار اسلحہ لائسنس سرکاری فیس پر دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ 371 کے ایوان میں بل پاس کرنے کے لئے ایک سو پچاسی ارکان کی حمایت درکار ہے جبکہ بل پرایک سو ستر ارکان کے دستخطوں سے جمع کرایا گیا ہے اسمبلی میں صرف پندرہ مزید ارکان کی حمایت درکار ہو گی ۔ بل میں بتایا گیا ہے کہ آخری بار 2002 ء میں پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :