اللہ نواز حکومت کا فوری خاتمہ نہیں چاہتا، طاہر القادری

جمعرات 23 اکتوبر 2014 19:04

اللہ نواز حکومت کا فوری خاتمہ نہیں چاہتا، طاہر القادری

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اکتوبر۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اللہ نواز حکومت کو فوری طور پر گرانا نہیں چاہتا اور اس نے حکومت کو مہلت دے دی ہے۔اسلام آباد کے ریڈ زون میں حکومت کے خلاف 67 روز احتجاج کرنے کے بعد طاہر القادری نے 21 اکتوبر یعنی منگل کو دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔تجزیہ کاروں اور مخالفین نے طاہر القادری کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کا جہاں خیرمقدم کیا وہیں ان کے اس احتجاج کو ناکام بھی قرار دیا تھا۔

خیبرپختون خوا کے شہر ایبٹ آباد میں جمعرات کو (آج) عوامی تحریک کی جانب سے جلسہ کا انعقاد کیا گیا جس سے ہزارہ کی روایتی پگڑی پہنے طاہر القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دھرنے کے ذریعے عوام میں شعور پیدا کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور دھرنا ختم کرکے وہ گھر نہیں بلکہ شہر شہر کا رخ کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دھرنا ختم کرنے کے حوالے سے عمران خان پوری طرح سے آگاہ تھے۔

انہوں کہا کہ ان کی تحریک میں محرم الحرام کا وقفہ ہے اور وہ اپنے کارکنوں کو انقلابی تیاری کا وقت دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ارادہ نہیں بدلہ بلکہ وہ نئے نئے محاذ کھولیں گے جن سے موجودہ نظام 'دھڑم سے گر جائے گا'۔'گونواز گو' کا نعرہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب کوئی بچہ اسپتال میں پیدا ہوگا تو وہ روئے گا نہیں بلکہ 'گونوازگو' کہے گا۔

طاہر القادری نے اپنے انقلاب کے سفر کو آگے بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کا آئندہ جلسہ تئیس نومبر کو بھکر میں ہو گا جب کہ پانچ دسمبر کو سرگودھا اور 25 دسمبر کو کراچی کے مزار قائد پر جلسہ کا انعقاد کریں گے۔تقریر کے دوران متعدد مواقع پر طاہر القادری میڈیا سے شکوہ کرتے نظر آئے کہ پنڈال میں 'لاکھوں افراد موجود' ہیں مگر 'میڈیا چار گھنٹے پرانی فوٹیج' دکھا رہا ہے جس میں پنڈال خالی نظر آ رہا ہے۔انہوں نے کل (جمعہ) کو ہری پوری میں دھرنے میں شرکت کا اعلان کیا اور کہا کہ تنقید کرنے والے بھی کل آ کر ان کے دھرنے کو دیکھ لیں۔

متعلقہ عنوان :