مجالس و جلوس میں داخلے کے لئے صرف ایک ہی پوائنٹ رکھا جائے گا‘ وزیر قانون پنجاب

جمعرات 23 اکتوبر 2014 18:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) وزیرخزانہ ، قانون ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے معاشرے کے تمام طبقات سے کہا ہے کہ وہ ہر سطح پر محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول کو برقرار رکھیں اور شرپسندعناصر پر کڑی نگاہ رکھیں، حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے ہیں، صوبائی، ڈویژنل ، ضلعی اور تحصیل و یونین کونسل سطح پر امن کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں اور فول پروف حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے منتخب نمائندوں سے بھی کہا کہ وارڈ اور ٹاؤن سطح پر انتظامیہ اور امن کمیٹیوں کے اراکین کے ہمراہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لیں اور مجوزہ حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شالیمار ٹاؤن میں محرم الحرام کے دوران حفاظتی اقدامات بارے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی باؤ اختر وچوہدری شہباز، ٹاؤن انتظامیہ ، امن کمیٹیوں کے اراکین اور معزز شہریوں نے شرکت کی ۔

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کئے گئے انتظامات کی مسلسل نگرانی کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ مجالس و جلوس میں داخلے کے لئے صرف ایک ہی پوائنٹ رکھا جائے اور مکمل تلاشی کے بعد شرکاء کو داخلے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے روشنی اور پانی کی فراہمی کے انتظامات کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔