پشاور، اہلسنت والجماعت کے مطالبے پر صوبائی حکومت کا یکم محرم الحرام یوم فاروق اعظم، پر عام تعطیل کا اعلان

جمعرات 23 اکتوبر 2014 18:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) خیبرپختونخوا حکومت نے اہلسنت والجماعت کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے یکم محرم الحرام یوم فاروق اعظم پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا،جس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا، جمعرات کے روز اہلسنت والجماعت کے وفد نے صوبائی صدر علامہ عطاء محمد دیشانی کی قیادت میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے ملاقات کی، اہلسنت والجماعت کے وفد میں حاجی نوازخان جدون، مولانا ربنوازطاہر،مولانااسماعیل درویش، مفتی نجیب اللہ فاروقی،حاجی ارشاد حیدری اور محمدفیاض حیدری شامل تھے، اہلسنت والجماعت نے وزیر اعلی کے سامنے اپنے چار بڑے مطالبے رکھے جس کے لئے اہلسنت والجماعت نے گزشتہ دنوں صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا بھی دیا تھا، مطالبات میں نصاب تعلیم میں کی گئی تبدیلی واپس لینا، ایام خلفائے راشدین کو سرکاری سطح پر منانا، لاپتہ کارکنوں کی بازیابی اور پاراچنار کے مسائل شامل تھے، وزیر اعلی نے اہلسنت وفد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے نصاب تعلیم میں کی گئی تبدیلی کو واپس لے لیا ہے،یکم محرم الحرام یوم فاروق اعظم  پر عام تعطیل ہوگی اور نوٹیفیکیشن میں باقاعدہ طورپر واضح کردیا جائے گا کہ یکم محرم کو یوم فاروق اعظم پر چھٹی دی گئی ہے، اہلسنت والجماعت کے ترجمان کے مطابق پارا چنار کے مسلمانوں کے مسائل حل کرنے کے لئے اہلسنت وفد آئندہ ہفتے گورنرخیبرپختونخوا سے ملاقات کرے گا جس میں وزیر اعلی بھی اپنے سفارشات دینگے،اور پارا چنار کے اہلسنت کے لئے صوبائی حکومت کی طرف سے پشاور،ایبٹ آباد اور کوہاٹ میں مقبرہ کے لئے زمین الاٹ کردی گئی،لاپتہ کارکنوں کی لسٹ وزیر اعلی کو پیش کردی گئی جس پر وزیر اعلی نے کہا کہ آئندہ کسی بے گناہ کو گرفتار نہیں کیا جائے گا اور لسٹ میں موجود کلیئر افراد کو رہا کردیا جائے گا، اس موقع دیگر افسران کے ساتھ رابطہ نمبروں کا تبادلہ بھی ہوااور کوئی بلاجواز گرفتاری نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

متعلقہ عنوان :