خیبر پختونخوا حکومت کا ڈونرز ایجنسیوں کیساتھ اجلاس اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا

جمعرات 23 اکتوبر 2014 18:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) خیبر پختونخوا حکومت نے مربوط ترقیاتی حکمت عملی پر موثر عملدرآمد اور اپنے اصلاحاتی ایجنڈا اور وژن کے بارے میں ڈونرز ایجنسیوں کو آگاہ کرنے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی اہم اجلاس کل اسلا م آباد میں طلب کر لیا ہے۔ جس کی صدارت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کر یں گے۔ اس ترقیاتی حکمت عملی کا مقصد عوام کا معیار زندگی بلند کرنا اور ترقیاتی عمل کو شفاف بنانا ہے۔

اجلاس میں ڈی ایف آئی ڈی، ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بنک، یو۔ایس۔ایڈ، کنیڈا،یورپی یونین۔ جیکا(جاپان) جرمنی اور اقوام متحدہ کی ایجنسیاں شریک ہوں گی۔ حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے اعلیٰ سرکاری حکام کے علاوہ وزیر صحت شہرام خان ترکئی، وزیر بلدیات عنایت اللہ خان، وزیر تعلیم محمد عاطف خان، وزیر خزانہ مظفر سید اور وزیر اطلاعات مشتاق احمد غنی بھی اجلاس میں شریک ہو ں گے۔

(جاری ہے)

یہ اجلاس سٹریٹیجک ڈویلپمنٹ پارٹنر شپ پروگرام (SDPF) کے لئے ایک ایسی ٹھوس بنیاد فراہم کرے گا جس کے ذریعے بیرونی مالی امداد کو ملکی پالیسیوں اور ترجیحات سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ اس کے ذریعے مختلف شعبوں میں حکومتی ترقیاتی ترجیحات اور اہداف کے بارے میں ڈونرز کو بریفنگ دی جائے گی۔ حکومت خیبر پختونخوا اس اجلاس کو مستقبل کی ترقیاتی حکمت عملی کے حوالے سے انتہائی اہمیت دے رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :