8 لاکھ گندم کی بوریاں قحط سے متاثرہ خاندانوں کو فراہم کی جارہی ہیں، جام مہتاب حسین ڈھر

جمعرات 23 اکتوبر 2014 18:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء ) صوبائی وزیر برائے خوراک جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک سندھ نے صوبے کے قحط سے متاثرہ اضلاع تھرپارکر ‘ سانگھڑ‘کاچھور ‘ دادو ‘ ٹھٹھہ اور جام شورو میں آٹھ(8) لاکھ سے زائد گندم کی بوریاں محکمہ ریلیف کے حوالے کردی ہیں جن میں پہلے مرحلے میں 4 لاکھ گندم کی بوریاں قحط سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کردی گئیں ہیں۔

یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ضلع تھرپار کر میں محکمہ خوراک سندھ کے مٹھی ‘ چھاچھرو ‘ اسلام کوٹ ‘ ڈیبلو اور ننگرپار کر کے گوداموں سے 3 لاکھ 80 ہزار گندم کی بوریاں محکمہ ریلیف کے حوالے کی گئیں جبکہ دوسرے مرحلے میں ضلع تھرپارکر کے لئے 3 لاکھ 89 ہزار 918 گندم کی بوریوں کی ترسیل جاری ہے یہ گندم تین مرحلوں میں قحط سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

جام مہتاب حسین ڈھر نے مزید کہا کہ کاچھور اور دادو میں 7 ہزار 96 ‘ ٹھٹھہ میں 1800 جبکہ جام شورو میں 8 ہزار 338 گندم کی بوریاں محکمہ ریلیف کے حوالے کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سانگھڑ اور کھپرو کے گوداموں سے 32 ہزار 912 گندم کی بوریاں قحط سے متاثرہ خاندانوں کو ترسیل کی جارہی ہیں اور عمر کوٹ میں 60 ہزار کے قریب گندم کی بوریاں محکمہ ریلیف کے حوالے کی جارہی ہیں ۔صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ محکمہ خوراک حکومت سندھ کے ساتھ قحط کے متاثرہ خاندانوں کے لئے بھرپور تعاون کررہا ہے ۔ محکمہ خوراک کا بنیادی کام محکمہ ریلیف کو ضرورت کے مطابق گندم کی بوریاں دینا ہے اور ان کی تقسیم کا کام محکمہ ریلیف اور مقامی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے

متعلقہ عنوان :