آصف علی زرداری کی ہدایات پر صوبائی وزیر منظور حسین وسان قحط متاثرین کے ریلیف اقدامات کا جائزہ لینے تھر پہنچ گئے

جمعرات 23 اکتوبر 2014 18:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے احکامات پر صوبائی وزیر انسداد بدعنوانی ‘ جیل خانہ جات اور معدنیات و معدنی ترقی منظور حسین وسان تھر کے قحط متاثرین کے ریلیف اقدامات کی شفافیت کا جائزہ لینے ہفتے کو تھر پہنچیں گے اور تھر قحط متاثرین کے ریلیف اقدامات بالخصوص خوراک‘ امدادی رقوم و سامان‘ ادویات اور معدنی پانی و دیگر اشیاء کی تقسیم و ترسیل میں مبینہ خرد برد کی شکایات کے بارے میں تحقیقات کریں گے ۔

اپنے دورے میں وہ تھر کے مختلف علاقوں کے لوگوں سے ملنے کے ساتھ ساتھ صحت ‘ خوراک‘ ریونیو ‘ امداد باہمی ‘ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ‘ لائیو اسٹاک اور دیگر محکموں کے ضلعی دفاتر کا بھی اچانک دورہ کرکے ریکارڈ کا جائزہ لیں گے ۔

(جاری ہے)

اپنے مذکورہ دورے کے 48 گھنٹوں میں صوبائی وزیر منظور حسین وسان ریلیف اقدامات کی شفافیت کے بارے میں مکمل رپورٹ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو پیش کریں گے ۔

صوبائی وزیر منظور حسین وسان اپنے دورہ تھر کے دوران ریلیف اقدامات میں کسی قسم کی خرد برد ‘ غفلت یا بدعنوانی کے مرتکب افراد کے خلاف موقع پر ہی قانونی کارروائی کے احکامات بھی دیں گے ۔ اس سے قبل صوبائی وزیر منظور حسین وسان نارا جیل حیدرآباد میں سندھ جیل خانہ جات اسٹاف ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں جیل سپاہیوں کی آٹھویں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں ہفتے کی صبح مہمان خصوصی کی حیثیت سے بھی شرکت کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :