چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس ،صحت، داخلہ اور پولیس کے افسران کی شرکت،

سجاد سلیم ہوتیانہ نے میڈیکولیگل سروسز کی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی

جمعرات 23 اکتوبر 2014 18:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء ) چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ نے محکمہ صحت ‘ محکمہ داخلہ اور سندھ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ حادثات اور سانحات کے سلسلے میں وفات پانے والے اور زخمی ہونے والے افراد کے معاملات سے بطریق احسن نمٹنے کے لئے محکمہ جاتی روابط کو فروغ دیاجائے ۔ جمعرات کی صبح اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کے دوران چیف سیکرٹری نے میڈیکولیگل سسٹم ‘ پوسٹ مارٹم ‘ مردہ خانہ ‘ فرانزک / ڈی این اے لیبارٹری اور دیگر متعلقہ عوامل کے بامقصد اور مربوط نظام کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اس سلسلے میں موثر مانیٹرنگ کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی ۔

سیکریٹری سروسز اقبال درانی جو محکمہ صحت کے بھی سیکریٹری ہیں کمیٹی کی تشکیل کا باقاعدہ اعلان کریں گے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکریٹری داخلہ نیاز علی عباسی ‘ سیکریٹری امپلی مینٹیشن عبدالکبیر قاضی ‘ سیکریٹری مالیات سہیل راجپوت اور ضیاء اعوان ایڈووکیٹ کے علاوہ دیگر نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں مسلم خواتین کی نعشوں کے پوسٹ مارٹم اور قبرکشائی سے متعلقہ معاملات کے لئے مسلمان خاتون اہلکاروں کی تعیناتی ‘ میڈیکولیگل افسران کی بمع متعلقہ عملہ ڈیوٹی پر باضابطہ حاضری ‘ اخراجات کے لئے سرکاری سطح پر باقاعدہ فنڈنگ اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق معاملات یقینی بنانے کے فیصلے کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :