حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے ،موذی مرض کا خاتمہ کر کے ہی دم لینگے ، وزیر اعظم نواز شریف

جمعرات 23 اکتوبر 2014 18:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے موذی کا خاتمہ کر کے ہی دم لینگے  والدین اور بچوں کے پرست مرض کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے حکومت کی کوششوں کے حصہ بنیں۔ جمعرات کو پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم جلد پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے، اپنے بچوں، اپنے لوگوں اور عالمی برادری کے ساتھ یہ ہمارا وعدہ ہے۔

انہوں نے اِس موقع پر تمام والدین اور بچوں کے سرپرستوں کی توجہ مبذول کرائی کہ وہ وہ مرض کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے حکومت کی کوششوں کے حصہ بنیں اور اپنے بچے کو پولیو سے بچاؤ کے لئے حفاظتی قطرے ضرور پلائیں تاکہ ہماری آئندہ نسل صحت مند اور پولیو سے پاک مستقبل کی حامِل ہو۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر پولیو کے مرض کو ایک بدقسمتی کا درجہ دیا جاتاہے، ایک ایسا مرض جو قوم کے نونہالوں کو اپاہج بنا کے رکھ دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے جسے حل کرنے کے لئے اقوامِ عالم کو ہر قسم کی علاقائی اور قومی تقسیم سے بالا تر ہوکر مشترکہ طور پر عمل کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نہایت افسوس کی بات ہے کہ ایک سال میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ گذشتہ دس برس میں اتنے بچے متاثر نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اِس حوالے سے قومی ہنگامی منصوبہ 2014 مرتب کیاہے اور مطلوبہ وسائل کی فراہمی کیلئے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے منظوری دیدی ہے، 2018 تک ہونے والے تمام اخراجات کی لازمی فراہمی یقینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے طے شدہ قومی منصوبے پر عملدرآمد کیلئے کسی ایسی شخصیت کا انتخاب کیا جائے گا جو خلوصِ دِل سے اس کی مسلسل نگرانی کرے اور کارگردگی کو نتیجہ خیز بنائے، وہ ذمہ داریاں نبھانے کیلئے وزیراعظم کے دفتر میں بیٹھے۔ جہاں سے وفاقی، صوبائی، ضلعی، تحصیل بلکہ یونین کونسل کی سطح تک موثر انداز ہ میں کارروائی ہوسکے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایمرجنسی آپریشنز سیل دو صوبوں میں کام کر رہے ہیں مگر جلد ہی تمام صوبوں میں ان کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے ہماری کوششیں ملکی سطح پر جاری ہیں۔ جس کے لئے موثر حکمتِ عملی وضع کی گئی ہے۔ پولیو کے خاتمے کے لئے ایک طے شدہ نظام ا لاوقات کے مطابق ملک بھر میں وسیع پیمانے پر آگاہی کی مہم چلائی جاتی ہے جس کے ساتھ ساتھ پولیو کے قطرے پلانے کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر خاص و عام کو وائرس کے خطرناک اثرات کے بارے معلومات فراہم کی جاتی ہیں اور اِس سے بچاؤ کے سب سے موثر ذریعے کے طور پرپولیو کے قطرے ہر بچے کو لازمی دینے پر زور دیا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کے طرف سے پولیو کے خاتمے کے لئے آگاہی کی مہم کو مزید موثر بنانے کے لئے ممتاز علمائے دین اور مذہبی شخصیات کے تائید بھی حاصل کی جارہی ہے جو نہ صرف اپنے خطبات بلکہ فتاوٰی کے ذریعہ بھی پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے حکومت کی معاونت کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ شہری تنظیمیں اور میڈیا بھی اِس قو می سطح پر ہونے والے مہم کو کامیاب بنانے کے لئے اپناکردار مثبت انداز میں ادا کرتا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں جلدہی لوگوں کے رویئے میں تبدیلی آئے گی جس کی بنا پرپولیو سے بچاؤ کے لئے چلائی جانے والی مہم زیادہ کارگرثابت ہوگی اور پولیو کے کیسز میں خاطر خواہ کمی ہوگی بلکہ پولیو کا مکمل خاتمہ بھی ممکن ہوگا اور انشا ء اللہ موذی مرض کا خاتمہ کرکے ہی دم لینگے ۔

متعلقہ عنوان :