نریندر مودی کا دیوالی منانے کشمیر جاناسیلاب متاثرہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے‘ حافظ محمد سعید

جمعرات 23 اکتوبر 2014 18:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ نریندر مودی کا دیوالی منانے کشمیر جاناسیلاب متاثرہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، بھارت سرکار نے سیلاب سے بدترین تباہی کے دوران اپنے فوجیوں کے علاوہ عام کشمیریوں کی کوئی مدد نہیں کی ،لاکھوں کشمیریوں کوان کے حال پر چھوڑ دیا گیا ، اب دنیا کو دھوکہ دینے کیلئے سیلاب زدگان سے اظہار یکجہتی کی باتیں کی جارہی ہیں،مودی کے دورہ پر کشمیریوں نے تاریخی ہڑتال سے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ غاصب بھارت کا وجود کسی صورت برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ چند دن قبل کشمیری مسلمانوں نے عید قربان انتہائی غم کی کیفیت میں گزاری ہے۔

(جاری ہے)

سیلاب سے شدید تباہی کے پیش نظر ابھی تک کشمیر میں حالات معمول پر نہیں آسکے ہیں۔ کشمیری جماعتوں کی قیادت اور ان کے کارکنان کی طرف سے تو متاثرہ کشمیریوں کیلئے ہر ممکن امدادی سرگرمیاں سرانجام دی جاتی رہیں تاہم بھارتی فوج، بی ایس ایف اور سرکاری اداروں کی جانب سے بے بسی میں مبتلا کشمیریوں کو یہ کہہ کر مزید اذیت دی جاتی رہی ہے کہ وہ پاکستان کا پرچم بلند کرتے اوربھارتی فوجیوں پر پتھراؤ کرتے ہیں اس لئے اب مدد بھی ان سے مانگیں ہم تمہارے ساتھ کوئی تعاون نہیں کریں گے لیکن آج دنیا کو دکھانے کیلئے دیوالی کا تہوار سیلاب متاثرہ کشمیریوں کے ساتھ منانے کا اعلان کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ بھارت سرکار کی جانب سے عید قربان کے موقع پر پورے کشمیر میں کرفیوکی کیفیت رکھی گئی۔ حریت پسند قائدین کو نماز عید کی ادائیگی کی بھی اجازت نہیں دی گئی اور اب کشمیر آکردیوالی کا جشن منایا جارہا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ مودی نے ایسا کر کے ہندو انتہا پسندانہ نظریات پراپنے پختہ ہونے کا ثبوت دیا ہے۔بی جے پی قیادت کو کشمیریوں سے کوئی دلچسپی نہیں انہیں خطہ کشمیر کی اراضی سے دلچسپی ہے۔

وہ چاہتے ہیں کہ یہ ہمارے پاس رہے تاکہ ہم اس کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے رہے۔ حافظ محمد سعیدنے کہاکہ سیلاب متاثرہ ہزاروں کشمیری اس وقت بھی کھلے آسمان تلے پڑے امداد کے منتظر ہیں ۔ ان کے معمولات زندگی بحال نہیں ہو سکے ہیں مگر مودی حکومت کشمیریوں کی صحیح معنوں میں مدد کی بجائے لاشوں پر سیاست کر رہی ہے ۔بھارتی قیادت نہ خود کشمیریوں کی مدد کر رہی ہے اور نہ ہی عالمی اداروں اور دنیا بھر میں موجود کشمیریوں کو بھی اپنے متاثر ہ بھائیوں کی مددکی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت سرکار کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قراردیتی ہے مگر یہاں سیلاب متاثرین کے ساتھ جو انتقامی رویہ اختیار کیا گیا وہ اسے بھولے نہیں ہیں ۔ کشمیری اپنی جدوجہد آزادی بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔ اتحادیوں کے خطہ سے نکلنے کے بعد بھارت بھی مقبوضہ کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ کسی صورت برقرار نہیں رکھ سکے گا۔

متعلقہ عنوان :