کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ کراچی کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے،شمیم ناز

جمعرات 23 اکتوبر 2014 17:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء ) پاسبان کراچی کے صدر شمیم ناز نے کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کو کراچی کے امن کو تباہ کرنے کی سازش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے کس کے اشاروں پر بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کررکھا ہے اس کی تحقیقات ضروری اور لازمی ہے ،انہوں نے اخبارات کو جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو نااہلی اور بے اختیاری کا لبادہ اتار پھینکنا ہوگا اور وزیر اعلیٰ سندھ ہاؤس میں قائم شکایتی مرکز کو فعال کرنے اور عوام کی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنا ہونگے ، انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کراچی کو بجلی سپلائی کرتی ہے اس ادارے کو کمشنر کراچی کے ماتحت کیا جانا چاہئے تاکہ عوام کی شکایات کی سنوائی اور بجلی کے مسائل کے فوری حل کو ممکن بنایا جاسکے ،انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک پرائیویٹ ادارہ ہے اور حکومت اس پرائیویٹ ادارے کے سامنے بے بس نظر آرہی ہے جوکہ ناکام حکمرانی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کراچی کے غریب اور کم آمدنی والے صارفین کو بجلی کے بل کے بقایاجات معاف کروائیں اور صارفین کو ایوریج بل سے بھی نجات دلائیں ،انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کراچی باالخصوص کراچی کی غریب آبادیوں میں بدترین لوڈشیڈنگ کررہی ہے جس سے شہریوں کی صحت بری طرح سے متاثر ہورہی ہے کے الیکٹرک کی جانب سے بدترین لوڈشیڈنگ کا جاری سلسلہ نہ صرف کراچی کے امن کو تباہ کرنے بلکہ کراچی کو نفسیاتی مریضوں کا شہر بنانے کی بھی سازش لگ رہی ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کراچی کے صارفین کو اکثر اوقات بجلی چور کا لقب دیکر ان کی توہین و تذلیل کرتے آرہی ہے جبکہ مشرف دور میں لگائے گئے سفید تیز رفتار میٹراور اے پی میٹر کے ذریعے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے اور حکومت سندھ نے کے الیکٹرک کے تمام معاملات پر چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے جو کہ افسوسناک ہے، پاسبان وزیر اعلیٰ سندھ سے یہ بھی مطالبہ کرتی ہے کہ کالی میٹروں کی دوبارہ تنصیب کرکے صارفین کو لوٹ کھسوٹ سے بھی تحفظ دلائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :