سائبر کرائمز 21ویں صدی کا خطرناک ترین جرم بنتاجارہا ہے ،غالب علی بندیشا

جمعرات 23 اکتوبر 2014 17:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء )ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے غالب علی بندیشا نے کہا ہے کہ سائبر کرائمز 21ویں صدی کا خطرناک ترین جرم بنتاجارہا ہے جس کی روک تھام کیلئے ایف آئی اے نے سائبر اسکواڈ ادارہ متعارف کرنے سمیت وفاقی سطح پر دوقوانین منظورکیے جانے ہیں،انسانی جانوں کو لاحق خطرات میں جعلی ادویات کا بڑا عمل دخل ہے جسکے خلاف ایف آئی اے بھرپورکاروائی کررہا ہے اور 38 کیسز پکڑے گئے،35 ارب روپے مالیت کے سونے اسکینڈل پر ایف آئی اے کو لاحق تحفظات پر کام کیا گیا اور چار افراد گرفتارکرنے کے بعد اہم پیش رفت کا امکان ہے یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈاینڈانڈسٹری کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے کے موقع پرکہی اس موقع پر چیف ایگزیکٹو ٹی ڈیپ ایس ایم منیر،کاٹی کے صدر راشد احمد صدیقی ،کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہدحسین ، سید فرخ مظہر اوردیگرنے بھی اظہارخیال کیا جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات، سینیٹرعبدالحسیب خان، کاٹی کے سینئر نائب صدر طارق ملک، زبیر چھایا، ملک خدابخش، عبدالسمیع خان ،ناصرالدین شیخ ،ندیم خان اوردیگربھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

غالب علی بندیشیانے کہا کہ ایف آئی اے نے مختلف اداروں میں کرپشن اور مالی بدعنوانی پر کام کرتے ہوئے 13 ارب روپے وصول کیے جس میں سے سو ئی گیس،واپڈا کے تقریبا سات ارب روپے ،ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی کو بھی 23 کروڑ روپے اداکیے ۔انہوں نے کہا کہ ملک سے انسانوں کی بڑہتی ہوئی اسمگلنگ اورٹریفک میں جعلی گروپس کا عمل دخل ہے جو بیرونی ممالک نوکریوں کا جھانسہ دیتے ہوئے عوام سے لوٹ مار کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب انسانی جانوں کو شدید خطرا ت بھی لاحق ہوتے ہیں اور کئی حادثے رونما ہوجاتے ہیں جسکی روک تھام کے لیے ایف آئی اے بھرپور کاروائی کررہا ہے ۔

انہوں نے ملک میں جعلی کرنسی بنانے والوں، پراپرٹی انٹیلکچول رائٹس کے غلط استعمال اور ملک سے جعلی وناجائز کاغذات پر بیرونی ملک سفر کرنے والوں کے خلا ف موثر اقدامات کیے جارہے ہیں کیونکہ غیر قانونی اقدامات سے ملک کی بدنامی ہوتی ہے ۔غالب علی بندیشیا نے کہا کہ ائیرپورٹ پر تاجربرادری کے لیے اسپیشل کاونٹر قائم ہے لیکن نفری کم ہونے کے باعث مسائل تھے جسے تین ہفتے کے دوران حل کرلیا جائیگا کیونکہ ایک ہفتے تک ایف آئی اے میں بھرتی کاعمل مکمل ہوجائیگا۔

انہوں نے تاجربرادری کے مطالبے پر ایف آئی اے کے عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کی جانب سے نوٹس کا اجراء ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کی منظوری کے بغیر نہیں کیے جائیں ۔انہوں نے ایف آئی اے میں تبادلوں اور انکوائری میں حکومتی عمل دخل کو مستردکرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے کوئی مداخلت نہیں کی جارہی ہے ۔اس موقع پر ایس ایم منیر نے کہا کہ تاجربرادری کے لیے ائیرپورٹس پرقائم کیے گئے اسپیشل کاونٹر کوفعال بنایاجائے اور تیز ترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی جانب سے ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی میں اربوں روپے فراڈ کی تحقیقات ہورہی ہے اور بڑے بڑے مگرمچوں نے گرفتاری کے خوف سے پہلے ہی ضمانتیں کرالی اس کے باوجود ایف آئی اے نے ٹی ڈی اے پی کو 23 کروڑ روپے کرپشن میں ملوث افسران سے وصول کرکے دے دئیے ہیں۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ انسانوں کی بڑہتی ہوئی اسمگلنگ اور سائبر کرائمز پر توجہ مرکوز کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔

سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے ایف آئی اے جدید طرز کی انفارمیشن لیبارٹریز قائم کرے ۔کاٹی کے صدر راشد احمد صدیقی نے کہا کہ ملکی دولت لوٹنے والوں کے خلاف ایف آئی اے بھرپورکاروائی کرے تاکہ ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے بے نقاب ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ اورحوالے کے کاروبار میں ملوث افراد کے ساتھ دیگر کام کرنے والو ں کو نوٹس کا اجراء بعض اوقات غلط ہوتا ہے جسکی چھان بین کرکے نوٹس کے اجراکیے جائیں ۔