طالبان کا خوف، ملالہ کے نوبیل انعام پر کوئی خوشی نہیں منائی گئی

جمعرات 23 اکتوبر 2014 17:53

سوات (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) تعلیم کیلئے مہم چلانے والی نوجوان طالبہ ملالہ یوسف زئی کے اعزاز میں سرکاری سرپرستی کے تحت کوئی تقریب منعقد نہیں کی گئی۔باچہ خان تعلیمی فاوٴنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر خادم حسین نے بتایا کہ ”خیبر پختونخوا اور وفاقی دونوں حکومتوں کو اْس لڑکی کی قدر کرتے ہوئے کسی تقریب کے انعقاد پر طالبان کی ا نتقامی کارروائی کا خدشہ ہے، جبکہ اس لڑکی نے عسکریت پسندوں کی تعلیم مخالف مہم کا بے جگری سے مقابلہ کیا تھا۔

“ڈاکٹر خادم نے کہا کہ باچہ خان فاوٴنڈیشن نے اپنی استطاعت کے مطابق چند پروگراموں کا انعقاد کیا تھا تاہم یہاں سرکاری سرپرستی میں بڑے پیمانے پر کسی تقریب کا انتظام کیا گیا اور نہ ہی عوامی سطح پر ملالہ کو اپنایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرکاری سرپرستی میں اعلیٰ سطحی پروگراموں کا انعقاد نہ کرکے ملک دنیا کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کا ایک بڑا موقع کھورہا ہے۔

باچہ خان تعلیمی فاوٴنڈیشن کے سربراہ نے کہا کہ عسکریت پسندی کا نشانہ بننے والے پاکستان کو دنیا میں تنہائی کا سامنا ہے، لہٰذا ملالہ کی بین الاقوامی شہرت کا فائدہ اْٹھایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ”ہم نئے اسکولوں اور کالجوں کی تعمیر کرسکتے ہیں اور ان کی مرمت کرسکتے ہیں، جنہیں سوات اور قبائلی علاقوں میں عسکریت پسندوں نے تباہ کردیا تھا، تاہم یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ حکومت نے اب تک اس بچی کو وہ درجہ نہیں دیا، جس کی وہ مستحق ہے۔“

متعلقہ عنوان :