سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کی ذیلی کمیٹی کا بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشن کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار

جمعرات 23 اکتوبر 2014 17:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کی ذیلی کمیٹی نے بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشن کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کی سوات میں زیر قبضہ اراضی واگزار کرانے کے لئے گورنر کے پی کے سے ملاقات اور چیف کمشنر بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشن کی تقرری کی منظوری کے لئے وزیر بین الصوبائی رابطہ سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔

آزاد کشمیر میں سٹیٹ گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کی سٹیٹ کمشنر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاکستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کی جانب سے نامزد کردہ ایسوسی ایشن کی صدر کے ساتھ مل کر کام کریں۔ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو کنوینئر سعیدہ اقبال کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ثریا امیر الدین کے علاوہ آئی پی سی کے ایڈیشنل سیکرٹری‘ گرلز اور بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن کے اراکین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران کمیٹی کو بتایا گیا کہ بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوارٹر کی ٹریننگ سائٹ لیز کی رقم کی عدم ادائیگی کی وجہ سے سی ڈی اے کی جانب سے کینسل کی جارہی ہے۔ ایسوسی ایشن کے ذمہ دس کروڑ روپے واجب الادا ہے جس پر کمیٹی نے یہ معاملہ چیئرمین سی ڈی اے کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کیا ۔ سی ڈی اے کی جانب سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ 35 ایکڑ قیمتی اراضی برائے نام 25 پیسے مربع فٹ پر ایسوسی ایشن کو لیز پر دی گئی۔

1997ء سے یہ اراضی حنیف راجپوت کیٹرنگ کو دی گئی ہے۔ ہم نے ایسوسی ایشن سے کہا ہے کہ وہ اس سے زمین واپس لیں جس پر ایسوسی ایشن نے موقف اختیار کیا کہ دو سال قبل ان سے یہ اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے جس پر کمیٹی نے ہدایت کی کہ اس کا سروے کرکے آگاہ کیا جائے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ دو سال کے لئے عبدالقیوم بلوچ کو پاکستان بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن کا چیف کمشنر منتخب کیا گیا تاہم ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود ابھی تک ان کا تقرری کا لیٹر جاری نہیں کیا گیا جس پر وزارت کی جانب سے بتایا گیا کہ ان کی تقرری صدر مملکت نے کرنی ہے‘ کمیٹی نے اس معاملے کے حل کے لئے وزیر بین الصوبائی رابطہ سے ملاقات کا فیصلہ کیا۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ آزاد کشمیر میں گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن طالبات سے جو فنڈز وصول کر رہی ہے وہ پاکستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کے اکاؤنٹ میں جمع کرانے کی بجائے سٹیٹ کمشنر کے ذاتی اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی جارہی ہے جس پر ڈائریکٹر ایجوکیشن اے جے کے نگہت مبشر نے بتایا کہ 1962ء سے اسی طرح چلا آرہا ہے۔ آزاد کشمیر میں سارا سال ہماری سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔ دس ہزار سے زائد گرلز گائیڈز ہیں۔ نیشنل کمشنر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں متوازی باڈی تشکیل دی گئی ہے۔ چیئرپرسن سعیدہ اقبال نے کہا کہ اس معاملے کو حل کرکے ایک مہینے میں رپورٹ دی جائے۔