وزیراعلیٰ شہبازشریف سے فرانس کی معروف کمپنی ٹوٹل اور سن پاور کارپوریشن کے اعلیٰ سطح کے وفد کی ملاقات

جمعرات 23 اکتوبر 2014 17:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے فرانس کی معروف کمپنی ٹوٹل اور سن پاور کارپوریشن کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ سن پاور کارپوریشن نے قائداعظم سولر پارک میں 100 میگاواٹ کا سولر منصوبہ لگانے میں دلچسپی کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک کو درپیش توانائی بحران کے خاتمے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔

توانائی کی کمی کے مسئلے سے تعلیم، صحت، زراعت اور زندگی کے تمام شعبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ملک کی تیز رفتار ترقی اور معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے توانائی بحران کا جلد خاتمہ ناگزیر ہے۔ حکومت اس مقصد کیلئے سنجیدگی سے کاوشیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے ضلع بہاولپور میں ایک ہزار ایکڑ وسیع قطعہ اراضی پر قائداعظم سولر پارک قائم کیا ہے اور اس پارک میں پنجاب حکومت اپنے وسائل سے 100میگاواٹ کا سولر منصوبہ لگا رہی ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فرانسیسی کمپنی کی جانب سے 100میگاوٹ سولر منصوبے میں دلچسپی کا اظہار خوش آئند ہے۔ شفافیت اور برق رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔ فرانسیسی کمپنی کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔ ٹوٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک سوسانگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کمپنی قائداعظم سولر پارک میں 100میگاواٹ کا منصوبہ لگانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق سولر منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کریں گے۔ ملاقات میں ایم این اے مخدوم خسرو بختیار، ایم پی اے مخدوم ہاشم بخت ، چیف ایگزیکٹو آفیسر قائداعظم سولر پارک، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اورمتعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ کمپنی کے دیگر عہدیداران لوئس کیلرڈ، یاسمین ویٹی بلیڈ، لارنٹ لونگوئٹ، سعد خان بھی موجود تھے۔