ایم کیو ایم سے اتحاد کی ضروت نہیں ،صرف جمہوریت کی خاطر ساتھ رہے ،بلاول بھٹو زرداری

جمعرات 23 اکتوبر 2014 17:20

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سے کبھی اتحاد کی ضرورت نہیں پڑی صرف جمہوریت کی خاطر ساتھ رہے۔2018 میں بھی ہمیں سندھ میں ایم کیو ایم کی حمایت کی ضرورت نہیں پڑے گی۔وہ جمعرات کولاڑکانہ میں نصرت بھٹو کی تیسری برسی کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جمہوریت کے لئے ہر سیاسی جماعت سے بات کرنے کو تیار ہیں لیکن کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے، سندھ میں پیپلزپارٹی کو کسی کے ساتھ اتحاد کی ضرورت نہیں اور 2018 میں بھی پیپلزپارٹی کو سندھ میں حکومت بنانے کے لئے ایم کیو ایم کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

انہوں نے حکمران جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم لانگ مارچ کرتے تو شیر بلی بن کر بھاگ جاتا مگر ہم مضبوط اور محفوظ پاکستان چاہتے ہیں جس کے لئے عوام ہماری طاقت ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم بھی طاقت کا استعمال کرسکتے ہیں لیکن اقتدار کے بھوکے نہیں، جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلیے ہر سیاسی جماعت سے بات کریں گے لیکن کسی کا دبا ؤہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں کہا ہے کہ اب وہ ملک بھر میں ریلیاں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں کہا کہ کسی بھی سیاستدان، خصوصا کسی بھی سیاسی جماعت کے سربراہ کی طرح ہم بھی اپنا ووٹ بینک بڑھانا اور مزید سیٹیں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو زراری نے کہا کہ میں اس کے لیے ہر ممکن طریقہ استعمال کروں گا۔

پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کی دھرنے کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ سیاسی یتیم اور کٹھ پتلیاں دوبارہ سے ڈکٹیٹر شپ چاہتی ہیں لیکن پاکستان اب اسے مزید برداشت نہیں کرے گا۔ ہم جمہوریت ہیں اور ہم نے سویلینز کو اقتدار منتقل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں امن نہیں چاہتا اس لئے پاکستان پر الزام تراشیاں کرتا رہتا ہے اور مسلسل پاکستان کے امن عمل کو سبوتاژ کر رہا ہے، پاکستانی اور بھارتی نوجوان مل کر خطے میں امن قائم کریں گے۔