تاریخ کا طویل ترین '' مجرا'' اسلام آباد میں سجایا گیا : فضل الرحمان

جمعرات 23 اکتوبر 2014 17:19

تاریخ کا طویل ترین '' مجرا'' اسلام آباد میں سجایا گیا : فضل الرحمان

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اکتوبر 2014ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تحریک انصاف کے دھرنے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دھرنے نہیں ہیں، رات کو مجرے ہوا کرتے ہیں۔ مانتے ہیں تاریخ کا طویل ''مجرا'' اسلام آباد میں ہوا۔ کوئٹہ میں مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جاری پی ٹی آئی کے دھرنے میں فحاشی کے مناظر عوام کی نمائندگی نہیں کرتے۔

ہم اسلام آباد کے دھرنے والوں کے ایجنڈے کو جانتے ہیں۔ اسلام آباد میں دھرنے والے مغربی تہذیب کے نمائندے ہیں۔ دھرنے والے نوجوان نسل سے حیا چھین رہے ہیں۔ رات کی تاریکی میں جو ہوتے ہیں وہ دھرنے نہیں بلکہ مجرے ہوا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں تاریخ کا طویل ترین مجرا سجایا گیا۔ دھرنے والے قدرت کی طرف سے بے نقاب ہوگئے۔ اسلام آباد میں فحاشی کے مناظر پوری قوم نے دیکھے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کنٹینر پر انتہا پسند فرقہ پرستوں کو لایا گیا تاکہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کروائے جا سکیں۔ مصطفوی انقلاب کی باتیں کرنے والے اب روس اور فرانس کے انقلاب کی باتیں کرتے ہیں۔ کوئٹہ میں دہشتگردی واقعہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج کوئٹہ شہر میں خون کی ہولی کھیلی گئی۔ دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بلوچستان کے غیور عوام کے اندر خوف نہیں ڈالا جا سکتا۔ اگر ان کی سازش جلسے کو ناکام بنانا تھی تو جلسہ کامیاب ہو گیا ہے۔