ایبٹ آباد کے عوام نے انقلاب کے حق میں فیصلہ دے دیا: طاہر القادری

جمعرات 23 اکتوبر 2014 17:01

ایبٹ آباد کے عوام نے انقلاب کے حق میں فیصلہ دے دیا: طاہر القادری

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اکتوبر 2014ء) ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ہماری جنگ ختم نہیں ہوئی بلکہ اب شروع ہوئی ہے۔ کارکن دھرنے پر تنقید پر کان نہ دھریں۔ ہم نے نئی حکمت عملی وضع کی ہے۔ یہ فیصلہ کمانڈر کا ہوتا ہے کہ اپنی مرضی کا محاذ چُنے۔ کمانڈر نے جنگ نہیں چھوڑی بلکہ اپنی حکمت عملی بدلی ہے۔

محرم میں کارکنوں کو انقلاب کی تیاری کا وقت دے رہا ہوں۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد دھرنا ختم کرنے کیلئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ایک ماہ تک مشاورت کی گئی تھی۔ ہمیں کسی کے اتفاق اور اختلاف سے فرق نہیں پڑتا۔ کون درست ہے اور کون غلط، اس کا فیصلہ کرنے کا حق عوام کو ہے۔ نام نہاد دانشور اس بات کا فیصلہ نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

تنقید کرنے والے دھرنا شروع کرتے وقت بھی ہم سے متفق نہیں تھے۔ دھرنا ختم نہیں ہوا بلکہ اس کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلا دیا گیا ہے۔ میں اپنے گھر نہیں جائوں گا، اب شہر شہر دھرنا ہوگا۔ دھرنا سٹیٹس کو کا مرنا ثابت ہوگا۔ اس نظام کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنے نے پاکستان کے کروڑں لوگوں کے ذہنوں میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔ دھرنے کی کامیابی نے پورے ملک کو انقلاب کی کامیابی سے روشناس کرایا۔ ڈیل کی ہوتی تو آج جلسہ گاہ میں اتنا بڑا اجتماع نہ ہوتا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بھکر کا دھرنا اگر مینار پاکستان کا منظر پیش نہ کرے تو تحریک ختم کرنے کا اعلان کر دوں گا۔

متعلقہ عنوان :