سابق وفاقی وزیر شہباز بھٹی کے قتل کیس اسلام آباد سے فیصل آباد منتقل کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

جمعرات 23 اکتوبر 2014 16:42

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء ) سابق وفاقی وزیر اقلیتی امور شہباز بھٹی کے قتل کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد سے فیصل آباد منتقل کرنے کے لیے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کر دی گئی۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سابق وفاقی وزیر شبہاز بھٹی کا قتل کیس انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں زیرسماعت ہے تاہم سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود وہاں مدعی ، گواہان اور وکلا ء کو مناسب سکیورٹی فراہم نہیں کی جارہی ۔

مقدمے کی سماعت کے دوران خدشہ ہے کہ ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے جبکہ مناسب سکیورٹی نہ ملنے کی وجہ سے مقدمے کی کارروائی سست روی کا شکار ہے ۔ استدعا ہے کہ عدالت مقدمہ کو اسلام آباد سے انسداد دہشتگردی عدالت فیصل آباد منتقل کرنے کے احکامات دے تاکہ مدعی ، گواہان اور وکلا ء کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔