طاہر القادری کے دھرنے کو ختم کرنے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں ،رانا ثناء اللہ

جمعرات 23 اکتوبر 2014 16:21

طاہر القادری کے دھرنے کو ختم کرنے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں ،رانا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) سابق صوبائی وزیر قانون وبلدیات رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ طاہر القادری نے دھرنا ختم کردیا ہے یہ خوش آئند بات ہے، حکومت اور قادری کے درمیان کوئی ڈیل نہیں ہوئی، یہ تاثر غلط ہے کہ قادری نے ڈیل کے نتیجہ میں دھرنا ختم کیا ہے، عمران خان کو بھی چاہیے کہ واپس آجائیں، 2018ء کے الیکشن میں عوام ووٹ کے ذریعے فیصلہ کریں گے کہ ان کو قائداعظم والا پاکستان چاہیے یا عمران خان والا پاکستان جس میں کسی قسم کی شرم وحیاء ، بڑوں کا احترام نہیں ہے، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اسمبلی احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی رانا ۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ طاہر القادری کے دھرنے کو ختم کرنے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں جو لوگ یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ حکومت اور علامہ طاہر القادری کے درمیان کوئی ڈیل کا نتیجہ میں یہ دھرنا ختم ہوا تو یہ تاثر بالکل غلط ہے ، حکومت اور قادری کے درمیان کوئی ڈیل نہیں ہوئی مذاکرات ضرور ہوئے جس میں انہوں نے شفاف انکوائری کے حوالے سے تحقیقات کا اظہار کیا تھا جس پر ان کو مکمل یقین دہانی کروائی تھی کہ انکوائری غیر جانبدار اور شفاف ہو گی انہوں نے کہا کہ اب عمران خان کو بھی چاہیے کہ وہ دھرنا ختم کرکے واپس آجائیں جو وہ پاکستان چاہتے ہیں وہ قائداعظم کا پاکستان نہیں بلکہ عمران خان کا پاکستان ہے جس میں شرم وحیا اور بڑوں کا احترام نہیں ہو گا اس کے پاکستان میں اگر باپ اپنے بیٹے کو سمجھانے کی کوشش کرے گا تو بیٹا ”گو ابوگو“ کے نعرے لگائے گا اگر ماں اپنی بیٹی کو سر پر ڈوپٹہ لینے کا کہے گی تو بیٹی آگے سے یہ کہے کہ آج میرا عمران خان کے جلسے وچ نچ نوں جی کردا تو عوام ایسا پاکستان نہیں چاہیں گے ویسے بھی حکومتوں کے فیصلے دھرنوں میں نہیں ہوتے، 2018ء کے الیکشن میں عوام اپنے ووٹ کے ذریعے فیصلہ کریں گی کہ ان کو قائداعظم کا پاکستان چاہیے یا عمران خان کا پاکستان چاہیے، دھرنا سیاست لندن پلان کا حصہ تھا اب وہ لاکھ بار انکار کریں، وہ الگ بات ہے، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی میں قربت کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر ان کا سیاسی اتحاد بنتا ہے تو اچھی بات ہے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔