حکومت آئندہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروائے گی، مجتبیٰ شجاع الرحمن

جمعرات 23 اکتوبر 2014 16:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) صوبائی وزیر قانون وایکسائز مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروائے گی، بلدیاتی آرڈیننس کی قائمہ کمیٹی نے توسیع کردی ہے عدالت کے حکم پر الیکشن کمیشن 6ماہ کے اندر نئی حلقہ بندیاں کرے گا جس کے بعد حکومت فوری بلدیاتی انتخابات کروادے گی، امید ہے کہ عمران خان بھی محرم الحرام کے احترام میں اپنا دھرنا ختم کردیں گے کیونکہ میوزک کے بغیر ان کا دھرنا نہیں چل سکتا، پارلیمنٹ کی تمام سیاسی جماعتوں اور عوام نے ان کا لندن پلان مسترد کردیا تھا، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقعہ پر احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ عدالت کے فیصلے کے مطابق لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کی قائمہ کمیٹی نے توسیع کردی ہے، جس کو اب ایوان میں پیش کریں گے، عدالتی فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں مکمل کروائے گا اس لئے الیکشن کمیشن کو پنجاب حکومت سے جو سہولتیں چاہئیں ہوں گی حکومت ان کو فراہم کرے گی، الیکشن کمیشن کو نئی حلقہ بندیوں کے لئے 6ماہ کا وقت مانگا ہے جیسے ہی نئی حلقہ بندیاں مکمل ہوں گی تو حکومت فی الفور بلدیاتی الیکشن کروا دے گی ، ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق حکومت کی کوشش ہو گی کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروائے جائیں، عمران خان کے دھرنے کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ امید ہے عمران خان اپنا دھرنا محرم الحرام کے احترام میں ختم کردیں گے کیونکہ ان کا دھرنا میوزک کے بغیر نہیں چل سکتا، لندن پلان کے سوال پر انہوں نے کہا کہ لندن پلان والوں کا خیال تھا کہ ہم دھرنوں کے ذریعے چند دنوں میں حکومت ختم کردیں گے مگر لندن پلان کو نہ صرف عوام نے مسترد کیا بلکہ پارلیمنٹ میں موجود سیاسی جماعتوں نے اس کو مسترد کرتے ہوئے پارلیمنٹ کو مستحکم کیا۔

متعلقہ عنوان :