پائیدار ترقی کیلئے دانشمندانہ ٹیکس مینجمنٹ بہت ضروری ہے ‘ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی

جمعرات 23 اکتوبر 2014 16:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) پنجاب ریونیو اتھارٹی کے چیئرپرسن افتخار قطب نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے لیے دانشمندانہ ٹیکس مینجمنٹ بہت ضروری ہے ۔ وہ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر میاں مظفر علی، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین محمد ہارون اروڑہ، مقصود احمد بٹ، ڈاکٹر قرات العین عرفان، سابق ایگزیکٹو کمیٹی رکن شہزاد اعظم خان، آئی ایف سی کی ثمینہ زبیری، ماہا حسین اور محمد بدر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

افتخار قطب نے توقع ظاہر کی کہ رواں مالی سال میں نان ٹیلیکام محاصل 35سے 40ارب روپے تک پہنچ جائیں گے جو سال 2012ء میں 6ارب روپے اور سال 2013ء میں 16ارب روپے تھے۔

(جاری ہے)

اپنے ممبران میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کے قواعد و ضوابط کے متعلق و شعور و آگہی پیدا کرنے کے لیے انہوں نے لاہور چیمبر کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اتھارٹی عالمی معیارات کے مطابق کام کررہی ہے ، ورلڈ بینک نے آئی ایف سی کو پنجاب ریونیو اتھارٹی کی تکنیکی معاونت کا فریضہ سونپا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتھارٹی کی تشکیل کے بعد سے اس کی وصولیاں کا گراف مسلسل اوپر جارہا ہے جو ٹیکس دہندگان کے اس پر اعتماد کا ثبوت ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ کے ذریعے تاجر برادری اور معیشت کو درپیش مسائل حل کیے جاسکتے ہیں۔ لاہور چیمبر پنجاب ریونیو اتھارٹی کے پارٹنر کے طور پر کام کررہا ہے اور اس نے سروسز سیکٹر سے وابستہ افراد کے لیے لازمی قرار دیا ہے کہ وہ لاہور چیمبر کی ممبرشپ کے وقت پنجاب ریونیو اتھارٹی کا سرٹیفکیٹ لازماً پیش کریں۔

لاہور چیمبر کے صدر نے تجویز پیش کی کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی ٹیکس کی وصولی کمپنی کی رجسٹریشن کے وقت سے شروع کرے۔ انہوں نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے چیئرپرسن کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سابق ایگزیکٹو کمیٹی اراکین غلام سرور ملک، رحمت اللہ جاوید اور اکرم ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :