وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام میں بھارت سے آزادی حاصل کریں گے‘صدر آزاد کشمیر

جمعرات 23 اکتوبر 2014 15:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان ، وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید اور وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی نے آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے 67ویں یوم تاسیس پر پوری کشمیر ی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام میں بھارت سے آزادی حاصل کریں گے اور ہم الحاق پاکستان کے اپنے عظیم مقصد کو پورا کریں گے ۔

صدر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ یوم تاسیس روائتی جوش و جذبہ اور اس عہد کی تجدیدکے ساتھ منایا جار ہا ہے کہ جس عظیم مقصد کے لیے بیس کیمپ کی اس حکومت کا قیام عمل میں لایا گیا تھا اس کے حصول تک جدوجہد پوری شد ومد سے جاری رکھی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ تقسیم ہند کے طے شدہ فارمولے کے مطابق ہندوستان کی تمام تر ریاستوں کو یہ اختیار دیا گیا تھا کہ اگر ان میں مسلمانوں کی اکثریت ہو گی تو وہ پاکستان اور اگر ہندوں کی اکثریت ہو گی تو وہ ہندوستان کے ساتھ الحاق کر سکیں گی ریاست جموں وکشمیر میں میں مسلمانوں کی اکثریت تھی اور اس پالیسی کے تحت ریاست جموں وکشمیر کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہونا تھا لیکن ریاست جموں و کشمیر کے ڈوگرہ مہاراجہ نے ریاست کا الحاق بھارت کے ساتھ کر دیا ۔

(جاری ہے)

اس پر احتجاج کرتے ہوے ریاست جموں و کشمیر کے عوام نے جو طاقت اور قوت میں مہاراجہ کی فوجوں سے کہیں کم تھے اس فیصلے کے خلاف علم بغاوت بلند کر دیا اور اپنے زور بازو سے ریاست کے ایک حصے کو آزاد کر ا کر وہاں آزادحکومت قائم کر دی جسے آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کا نام دیا گیا اور جس کا آج ہم 67 واں یوم تاسیس منا رہے ہیں ۔صدر نے کہا کہ1947 میں کشمیری مجاہدین نے بھارت کی اس وقت کی بڑی اور جدید ترین اسلحہ سے لیس فوج کا مقابلہ بڑی پامردی اور جرائت سے کیا تھا اور کمال عزم و استقلال کا مظاہرہ کیا تھا ۔

مجاہدین ہر قدم پر فتح و نصرت کے جھنڈے گاڑتے ہوے آگے بڑھتے گئے اور ریاست کا ایک بڑا حصہ بھارتی اور ڈوگرہ فوج کے تسلط سے آزاد کر لیا ۔بھارت مجاہدین کشمیر کے مسلسل حملوں کی ہر گز تاب نہیں رکھتا تھا چنانچہ اس نے اقوام متحدہ سے جنگ بندی کی اپیل کر دی اور اقوام عالم کے سامنے یہ وعدہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو رائے شماری کے ذریعے اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کرے گا ۔

کشمیر ی عوام برس ہا برس تک انتظار کرتے رہے کہ انہیں رائے شماری کے ذریعے فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا لیکن بھارت نے ایسا موقع دینا تھا نہ دیا ۔بھارت کی وعدہ خلافیوں سے مایو س ہو کر مقبوضہ کشمیر میں عوام نے تحریک مزاحمت شروع کر دی جس کے نتیجے میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد کشمیر ی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں اور انہوں نے کشمیر جنت نظیر کو خون سے لالہ زار بنا دیا ہے ۔

کشمیر ی عوام نے اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کے حصول کے لیے تاریخی قربانیاں پیش کی ہیں جس سے ساری دنیا پر یہ واضح ہو گیا ہے کہ وہ اپنے نصب العین کو حاصل کر کے رہیں گے ۔صدر نے کہا کہ ہم اپنے بھائیوں کی کامیابی کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر کے یوم تاسیس کے موقع پر میں آزادی کی راہ میں اپنے خون کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوے انہیں یقین دلاتا ہوں کہ حکومت اور عوام ان کے ساتھ ہیں اور ہماری جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ساری ریاست کو آزاد کر ا کر الحاق پاکستان کی دائمی منزل حاصل نہیں ہو جاتی ۔

اللہ تعالی ہمارا حامی و ناصر ہو ۔وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے اپنے پیغام میں کہا آج ریاست بھر کے عوام اور مہاجرین مقیم پاکستان آزاد جمو ں وکشمیر کا 67 واں یوم تاسیس منا رہے ہیں ۔میں اس موقع پر ساری ملت کو دل کی اتہاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتاہوں آزادجموں و کشمیر کا قیام محض اتفاق نہیں تھا بلکہ اس کے لئے ریاست جموں وکشمیر کے مسلمانوں نے تاریخ ساز جدوجہد کی تھی ۔

19 جولائی 1947 کو سرینگر کے مقام پر ریاستی مسلمانوں نے قرارداد پاکستان منظور کر کے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کر نے کا فیصلہ کیا تھا ۔جب وہ یہ فیصلہ کر چکے تو انہیں اس بات کا احساس بھی ہو گیا تھا کہ تقسیم برصغیر کے اصولوں کے مطابق ریاستی مسلمانوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا جا رہاہے اور ایک سازش کے ذریعے ریاست جموں وکشمیر کو بھارت کا حصہ بنایا جا رہا ہے ۔

انہوں نے ڈوگرہ راج کے خلاف اعلان جہاد آزادی کرکے قرارداد الحاق پاکستان کو عملی شکل دینے کے لیے اپنی عملی جدوجہد کا آغاز کر دیا اور پندرہ ماہ تک مسلسل بھارتی افواج کا بھرپور مقابلہ کر کے کشمیر کے ایک بڑے حصے کو ڈوگرہ فوج اور بھارتی تسلط سے آزاد کر اکے آزادجموں و کشمیر میں آج ہی کے دن ایک انقلابی حکومت قایئم کر دی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی صور ت میں کشمیر ی عوام کو وہ رہنماء ملا جس نے جدوجہد آزادی میں برسر پیکار کشمیر ی عوام کی آواز کو دنیائے عالم میں پہنچایا ۔

انہوں نے کشمیر کی خاطر '' ایک ہزار سال تک جنگ '' کا وہ عظیم فلسفہ دیا جس سے آنے والا کوئی بھی حکمران صرف نظر نہ کر سکا ۔شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنے شہید بابا اور قائد عوام کا علم تھامے رکھا اور عالمی فورموں ،اسلامی ملکوں اور بین الاقوامی سطحوں پر مسئلہ کشمیر کو اس جاندار انداز میں اجاگر کیا کہ بھارتی مکر و فریب طشت از بام ہوکر رہ گیا ۔

سابق صدر آصف علی زرداری کی مدبرانہ اور ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان کی حکومت اور عوام نے کشمیری عوام کی جس دلیرانہ ندازمیں وکالت کی اس پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔وزیر اعظم پاکستان جناب محمد نواز شریف اقوام متحدہ کی حالیہ اجلاس میں جس دلیرانہ انداز میں کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو اجاگر کیا ہے اس پر پوری کشمیر ی قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے اور انہوں نے اقوام عالم کی اس ادارے میں جس طرح عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی ہے وہ بذات خود ایک بڑا روشن باب ہے ۔

اسی ضمن میں پاکستان پیپلزپارٹی کے قائد بلاول بھٹو کی جانب سے بھارت سے کشمیر حاصل کرنے کے عزم صمیم نے کشمیری شہداء کی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کیا ہے جس پر کشمیر ی قوم ان کی ممنون ہے ۔پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے لئے جو سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوے ہیں اس سے تحریک آزادی کو تقویت ملی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کشمیر ی عوام آگ و خون کے دریا عبور کرتے ہوے آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھے ہوے ہیں اس تحریک کے دوران انہوں نے قربانیوں کی جو عظیم داستان مرتب کی ہے اس کی مثال تاریخ انسانی میں کہیں نہیں ملتی ہے ۔

انہوں نے اپنی بے مثل قربانیوں سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ حق خود ارادیت کی حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت تحریک آزادی کے اس فیصلہ کن مرحلے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر کے 67 ویں یوم تاسیس کے موقع پر میں پوری کشمیری قوم کو مبارک باد پیش کرتاہوں اور اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ مقبوضہ جموں کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی اور اس کے پاکستان کے ساتھ مکمل الحاق تک ریاست کی موجودہ حکومت دامے ،درمے سخنے برسر پیکار رہے گی ۔

انہوں نے کہا کہ آزادجموں و کشمیر میں پیپلزپارٹی کی عوامی حکومت کا قیام ایک ایسے مرحلے پر عمل میں آیا جب ریاست کو ہمہ جہتی چیلنجوں کا سامنا ہے اور تحریک آزادی کشمیر ایک نیا رخ اختیار کر چکی ہے ۔مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مرکزی اہمیت حاصل کر چکا ہے جس کو حل کرنے کے سوا اب کوئی چارہ کار باقی نہیں ہے ۔میں اس موقع پر سلام عقیدت پیش کرتا ہوں پیپلزپارٹی کے بانی چئیرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کو جنہوں نے پاکستانی عوام کے دلوں میں کشمیریت کی ایسی شمع روشن کی جو ہر طلوع ہونے والے سورج کے ساتھ مزید گہری سے گہر ی ہوتی جارہی ہے ۔

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جس طرح مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا اور اپنے بابا کا علم جس مضبوطی سے تھامے رکھا اس پر آج پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے ۔میرے چئیرمین بلاول بھٹو نے جس دلیرانہ انداز میں بھارتی افواج کو للکارہ ہے اور پورے کشمیر کو حاصل کرنے کا جو نعرہ مستانہ بلند کیا ہے اس نے پوری کشمیر ی قوم کے جذبوں کو مہمیز دی ہے اور تحریک حریت کشمیر کو نئی جلا دی ہے ۔

کشمیر کی آزادی کا علم اب پوری قوم نے تھام لیا ہے اب کوئی بھی کشمیریوں کی آزادی کو روک نہیں سکتا میرا ایمان ہے کہ بھارت کو جلد یا بدیر کشمیر چھوڑنا ہوگا اسے کشمیر ی عوام کی آواز کو سننا ہو گا اسے الحاق پاکستان کی خواہش کے آگے سر تسلیم خم کر نا ہوگا ۔میں اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیر جنت نظیر کا بڑا حصہ سب بھی بھارتی جبر و استبداد کے پنجوں میں ہے ۔کشمیر کی بیٹی ،ماں ،بہن ،معصوم اور عمر رسیدہ کشمیری عالمی منصفوں کو پکار رہے ہیں اور کشمیر میں بہتے ہوے خون ناحق کے نوحوں اور المیوں کا شور سننے کے لیے صدائیں دے رہے ہیں ۔ آج بھی کشمیریوں کی جدوجہد جاری ہے ،لاکھوں کشمیر ی تحریک آزادی کو اپنے لہو سے سیراب کر چکے ،بھارت نے تمام تر مظالم آزما لیے مگر وہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت میں کمی نہ لا سکا ہے اور نہ آئندہ لاسکے گا ۔

اقوام متحدہ ،او آئی سی ،یورپی پارلمینٹ ،ایمنسٹی انٹرنیشنل ،ایشئاء واچ بھارتی مظالم پر اپنی تشویش کا اظہار کر چکے مگر بھارت ہے کہ ٹس سے مس نہیں ہو رہا ۔لیکن اسے جلد یا بدیر کشمیر چھوڑنا ہوگا طاقت کے زور پر وہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہ تو دباسکتا ہے اور نہ اس میں کمی لاسکتا ہے ۔ہم بھارت سے ہر صورت آزادی لے کر رہیں گے اور الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے اپنے شہداء کے مشن کو پائیہ تکمیل تک پہنچائیں گے ۔