غربت،لوٹ مار اور ناقص نظام کی وجہ سے ملک میں امن وامان ایک خواب بن کر رہ گیا ہے‘ سید وسیم اختر

جمعرات 23 اکتوبر 2014 15:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء)امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کہا ہے کہ ملک میں امن وامان ایک خواب بن کر رہ گیا ہے ، معاشرے کی زوال پذیری کااندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ انسانیت کے محسن عبدالستار ایدھی کے سنٹر میں ڈاکہ مار کر یتیموں،بیواؤں اور بے کسوں کے نام پر ملنے والے مال کو بھی لوٹ لیا گیا ،اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، محکمہ پولیس کے ناقص نظام کی بدولت جرائم کی شرح میں کمی کی بجائے روزافزوں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ غربت کی وجہ سے لاہور میں خاتون کا اپنے بچوں سمیت تین منزلہ عمارت سے چھلانگ لگانے کا افسوس ناک واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ آچکے ہیں اور خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گزشتہ صرف دس ماہ میں پنجاب میں کم سن بچوں کے ساتھ درندگی کے529واقعات رپورٹ ہوئے اورجومختلف وجوہات بناکر رپورٹ نہیں کیے گئے۔

ان کی تعداد بھی کافی زیادہ ہے۔مغل پورہ لاہور میں زیادتی کانشانہ بننے والی سنبل کے ملزمان پولیس ایک سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود پکڑنے میں ناکام رہی ہے۔وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور احساس محرومی کے باعث پاکستان کامعاشرہ بے حس اور زوال پذیر ہوتاجارہاہے۔نوجوان مسلسل بے راہ روی کاتیزی سے شکارہورہے ہیں۔والدین اور علماء کرام اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے اداکریں توبڑی حد تک تباہی سے بچاجاسکتا ہے۔

ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہاکہ پاکپتن،لاہور اور مظفر گڑھ میں معصوم کلیوں سے زیادتی کے دل خراش واقعات نے عوام کے رونگٹے کھڑے کردیے ہیں جوکہ انتظامیہ کی بدترین کارکردگی کامظہر ہیں۔خانیوال میں غفور نامی35سالہ شخص کو بھٹہ میں زندہ جلانے واقعہ انتہائی تشویشناک ہے وزیر اعلیٰ واقعہ کاسختی سے نوٹس لیتے ہوئے گرفتار ملزمان کوقرار واقعی سزادلائیں۔