اٹارنی جنرل نے چیئرمین پی آئی اے کی تقرری با رے رپو رٹ سپریم کورٹ میں پیش کردی

جمعرات 23 اکتوبر 2014 14:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) چیئرمین پی آئی اے تعیناتی کیس میں سپریم کورٹ کو بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے نئے چیئرمین پی آئی اے کی تقرری کردی ہے تاہم نئے چیئرمین نصیر ایس ایم جعفر نے باقاعدہ چارج نہیں سنبھالا‘ دیگر معاملات بھی زیر غور ہیں جلد ہی ان کے بارے میں رپورٹ جمع کروادی جائے‘ یہ رپورٹ اٹارنی جنرل نے خود پیش کی ہے جبکہ سپریم کورٹ نے نرس کو ہراساں کرنے کے معاملے میں پی آئی اے کی جانب سے قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ انجم مرزا کو 27 اکتوبر کو طلب کیا ہے۔

چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے جمعرات کے روز پی آئی اے چیئرمین تعیناتی کیس کی سماعت کی۔ اس دوران اٹارنی جنرل آف پاکستان نے عدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین پی آئی اے کی تقرری کردی گئی ہے اور نئے چیئرمین جلد اپنا چارج سنبھالیں گے اس پر عدالت نے کہا کہ نئے چیئرمین بارے رپورٹ 28 اکتوبر کو عدالت میں پیش کی جائے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت نرس کو ہراساں کرنے کے مقدمے کی بھی سماعت کی گئی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اس معاملے کی تحقیقات ڈپٹی منیجر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس نے تحقیقات کا آغاز بھی کردیا ہے اور طارق کھوسہ سمیت سب سے تحقیقات کی جارہی ہیں جس پر عدالت نے پی آئی اے حکام کو ہدایت کی ہے کہ انکوائری کمیٹی کے سربراہ 27 اکتوبر کو عدالت میں پیش ہوں اور انکوائری بارے تحقیقاتی رپورٹ پیش کریں۔

متعلقہ عنوان :