اقوام متحدہ کے قیام کو69برس مکمل ، پاکستان سمیت دنیا بھر میں اقوام متحدہ کا یوم تاسیس کل منایا جائے گا

جمعرات 23 اکتوبر 2014 14:16

اسلا م آ با د (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) اقوام متحدہ کے قیام کو69برس مکمل ہو گئے ہیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں اقوام متحدہ کا یوم تاسیس کل جمعہ کو منایا جائے گا اس روز دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ یوم اقوام متحدہ کی مناسبت سے پروگرام نشر کریں گے ۔آج تک کوئی بھی مسلمان اقوام متحدہ کے جنرل سیکر ٹری کے منصب پر فائز نہ ہوا ہے۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی قومی اخبارات اس روز خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے جبکہ سیمینارز اور مذاکرے بھی منعقد ہونگے جس میں مقررین اقوام متحدہ کے کردار پر روشنی ڈالیں گے۔

واضح رہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد آئندہ نسل کو جنگوں کی تباہ کاریوں سے بچانے اور دنیا بھر کے تمام ملکوں کو مذاکرات کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کیلئے 1945ء کو اقوام متحدہ کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا مقصد عالمی قوانین ، سماجی واقتصادی ترقی،حقوق انسانی اور دنیا بھر میں امن قائم کرنے کیلئے مدد فراہم کرنا ہے لیکن اس چارٹر کے برعکس عالمی ادارہ نے ہمیشہ سپر طاقتوں کے آلہ کار کے طور پر ہی خدمات انجام دی ہیں عالم اسلام کو اس ادارے سے ہمیشہ ہی نقصان پہنچا ہے یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان تو دور کی بات آج تک کوئی بھی مسلمان اقوام متحدہ کا جنرل سیکر ٹری نہ بنا ہے اب تک صرف ایک اسلامی ملک مصر کے باشندہ کو اقوام متحدہ کا جنرل سیکر ٹری بنایا گیا تھا لیکن وہ بھی عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والا بطروس غالی تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان ایٹمی ملک ہونے کے باوجود ابھی تک سکیورٹی کونسل کا مستقل ممبر نہ بناہے۔اس وقت دنیا بھر کے 192کے قریب آزاد ممالک اور ریاستیں اقوام متحدہ کی ممبر ہیں ۔اقوام متحدہ کا صدر دفتر امریکہ کے شہر نیو یارک میں قائم ہے اقوام متحدہ کے موجودہ سیکر ٹری جنرل بان کی مون ہیں جن کا تعلق جنوبی کوریا سے ہے ۔اقوام متحدہ میں6عالمی زبانوں عربی،انگلش،چائنیز،فرانسیسی ،روسی اور ہسپانوی زبانوں میں کاروائی ہوتی ہے اقوام متحدہ کے تمام نظام کو اس کی ذیلی ایجنسیاں جنرل اسمبلی،سکیورٹی کونسل اور دیگر ایجنسیاں چلاتی ہیں۔پاکستان بھی اقوام متحدہ کا باقاعدہ ممبر ہے ۔