باغ کے عوام نے سراج الحق کا شاندار استقبال کرکے نظام کی تبدیلی کا پیغام دیا ہے،ارشد ندیم ایڈووکیٹ

جمعرات 23 اکتوبر 2014 14:12

باغ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اہل باغ نے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کا شاندار اور تاریخی استقبال کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ خطے میں تبدیلی کے خواہ ہیں،باغ کی سول سوسائٹی وکلاء،تاجران،انجمن شہریان،طلبہ،خواتین اور بچوں نے جس طریقے سے قائد پاکستان کا استقبال کیا اس پر جماعت اسلامی ان کا شکریہ ادا کرتی ہے،ا ن خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ اسی طرح اجتماع عام نومبر کے بعد قائد پاکستان آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع کا دورہ کریں گے انہوں نے کہا کہ آزاد خطے کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور تبدیلی کا ایجنڈا جماعت اسلامی کے پاس ہے باغ جماعت اسلامی کا مضبوط قلعہ ہے انہوں نے کہا کہ عوام اور تبدیلی چاہنے والے افراد ظلم کے اس نظام کے خلاف لڑنے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی خطے کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے جو دنیا کے لیے رول ماڈل ہو ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس طرح ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں متاثرین سیلاب کے ساتھ ناروا سلوک کیا ہے اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ اس سے ہندوستان کو کشمیریوں سے نہیں محض زمین سے دلچسپی ہے،انہوں نے کہا کہ جس طرح اہل باغ نے سراج الحق کا استقبال کیا ہے اسی طرح آزاد کشمیر کے عوام اجتماع عام کے لیے بھی نکلیں۔

متعلقہ عنوان :