نئے صوبے تو ہر صورت بنیں گے،جذباتی نعروں سے فرق نہیں پڑتا، سندھ میں تو کم ازکم 3نئے صوبے بنیں گے ۔بابر غوری

جمعرات 23 اکتوبر 2014 13:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیوایم )کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور سابق وفاقی وزیرسنیٹر بابرخان غوری نے کہاہے کہ جینے مرنے سے کچھ نہیں ہوتا، نئے صوبے تو بنیں گے، سندھ میں تو کم ازکم 3نئے صوبے بنیں گے ۔نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے بابر غوری نے کہا کہ نئے صوبے بن جاتے تو بنگلہ دیش پاکستان سے الگ نہ ہوتا، نئے صوبے بنیں گے توسندھ سمیت پوراپاکستان ترقی کریگا اور تمام لوگوں کوحقوق ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف کراچی بلکہ سندھ کے ہاریوں کووڈیروں سے آزادی دلائیں گے، جذباتی، نفرت انگیز تقریروں اور مرنے جینے کی باتوں سے کچھ نہیں ہوگا نئے صوبے توبن کے رہیں گے اور پاکستان میں ہی یہ صوبے بنیں گے۔انہوں نے پیپلزپارٹی رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دورمیں ہی کراچی دشمنی ہوئی ہے، یہ اور ان کی حکومت کراچی کاکچرا اٹھانے والی گاڑیوں کوپٹرول تو دے نہیں سکتے ،یہ کراچی والوں کو کیاحقوق دیں گے۔

(جاری ہے)

بابر غوری نے کہا بلاول کس منہ سے کراچی کی بات کرتے ہیں۔ اگر کراچی پر مسلط ہونے کی کوشش کی گئی تو سندھ کے غریب ہاریوں کو غلامی سے نجات ہم دلائیں گے۔ بابر غوری کا کہنا تھا کہ سندھ کی 80 فیصد متروکہ زمین کے مالک ہم ہیں اور یہ حق ہرقیمت پر لے کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا اب غریب سندھی جاگ گیا ہے۔ سندھ میں کم از کم تین صوبوں سمیت ملک بھر میں نئے صوبے لازمی بنیں گے۔

متعلقہ عنوان :