Live Updates

کوئی تھرڈ امپائر نہیں صرف قوم گو نواز گو کریگی ، عمران خان

بدھ 22 اکتوبر 2014 23:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خا ن نے کہا ہے کہ کوئی تھرڈ امپائر نہیں صرف قوم گو نواز گو کریگی  جمعہ کو گجرات میں بہت بڑا جلسہ ہونے والا ہے  احتجاج کے اگلے مرحلے کو کوئی نہیں روک سکتا  عوامی تحریک اور ہمارے مقاصد الگ تھے  طاہر القادری کے جانے پر دکھ ہے  جاوید ہاشمی سے کہہ دیا تھا نوازشریف نے استعفیٰ نہ دیا تو مرتے دم تک دھرنا دوں گا حکومت کے مظالم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے ۔

ڈی چوک میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ عوامی تحریک کا دھرنا ختم ہونے پر افسوس ہے تاہم طاہر القادری کی طرف سے جلدی دھرنا ختم کرنے سے واضح ہو گیا کہ ہم کسی پلان کے تحت یہاں نہیں آئے تھے، اب قوم کے سامنے یہ سچ آ گیا ہے کہ نہ تو کوئی تھرڈ ایمپائر تھا اور نہ ہی لندن پلان، وہ انگلی تو اللہ کی طرف اٹھنی تھی۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہاکہ ہماری طرف سے دھرنا دینے ا ور سڑکوں پر احتجاج کرنے کا فیصلہ تو بہت قبل کیا گیا تھا، آخری وقت پر طاہر لقادری نے بھی سانحہ لاہور کے خلاف لانگ مارچ کا فیصلہ کیا اور یہاں ہمارے ساتھ آ گئے، یہ احتجاج کرنا ان کا بھی حق تھا اور یہ حق ان کو جمہوریت نے دیا ہے ، ہم طاہرالقادری کا ستر دن دھرنے میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ ان کی وجہ سے قوم جاگ گئی ہے۔

کپتان نے کہا کہ 70دن ایک دوسرے کے ساتھ رہنے سے آپس میں دوستیاں ہو گئیں، پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں نے مل کر پولیس کے ظلم کا مقابلہ کیا، دونوں نے مل کر گولیاں کھائیں اور آنسو گیس کو برداشت کیا، ہم ان قربانیوں پر عوامی تحریک کے کارکنوں کو داد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جب عوامی تحریک کے لوگ چلے گئے ہیں تو آپ کیا سمجھتے ہیں کہ عمران خان بھی یہاں سے چلا جائے گا؟ میں جب تک زندہ ہوں یہاں ہی موجود رہوں گا اور نواز شریف کا استعفیٰ لے کر ہی جائیں گے اور اس دوران غریبوں اور مظلوموں کی آواز بنتے رہیں گے، ہم لوگوں میں شعور کی لہر دوڑا دیں گے اوریہ لوگ اس عوام کا مقابلہ کر نہیں سکیں گے، دھرنا جاری رہے گا اور جب پیسہ ختم ہو جائے گا تو سب لوگ چلے جائیں گے تب بھی میں تمبو لگا کر یہاں موجود رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں جب پوچھا گیا کہ ہم کب تک دھرنا جاری رکھیں گے، تو میں جواب دیا کہ جب تک نواز شریف کا استعفیٰ نہیں آئے گا، تو مجھے کہا گیا کہ تو آپ کب تک کنٹینر میں رہیں گے اور میرا اس وقت بھی یہی جواب تھا کہ جب تک میں زندہ رہوں گا اس وقت تک دھرنا جاری رہے گا۔عمران خان نے کہا کہ دھرنا کمزور اور مظلوموں لوگوں کیلئے ہے، قوم پر ظلم ہورہا ہے اور یہ ان کی آواز ہے، دھرنے کے باعث قوم جاگ گئی ہے اور ہم نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے، عوامی شعور بیدار ہونے کا جن اب واپس بوتل میں بند نہیں کیا جاسکتا، اب گو نواز گو کرکے ہی دھرنے سے واپس جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے مظالم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے، عوام سے ٹی وی فیس کی مد میں لیے جانے والے 10 ارب کہاں جاتے ہیں ہم اس کے خلاف بھی عدالت جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کارکنان سمجھتے ہیں کہ میں بھی واپس چلا جاوٴں گا تو وہ سن لیں چاہے پیسہ ختم ہوجائے اور سب تھک جائیں تاہم میں اکیلا یہاں بیٹھا رہوں گا

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :