تھرڈ ایمپائر آصف علی زرداری تھے ، لاہور نہ جاتے تو حالات کوئی اور رخ اختیار کرسکتے تھے ،رحمان ملک

بدھ 22 اکتوبر 2014 22:19

تھرڈ ایمپائر آصف علی زرداری تھے ، لاہور نہ جاتے تو حالات کوئی اور رخ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء) سابق وزیرداخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہاہے کہ تھرڈ ایمپائر آصف علی زرداری تھے اگر وہ لاہور نہ جاتے تو حالات کوئی اور رخ اختیار کرسکتے تھے ، عمران خان اپنے کزن ڈاکٹر طاہرالقادری کے فیصلے کی پیروی کریں اور دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیں ،حکومت دھرنے سے پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کرے،ایم کیوایم کو منانے کیلئے الطاف حسین کو کوئی ٹیلی فون نہیں کیا ،میڈیا پر پابندی کے خلاف ہیں اگر حکومت پابندی لگانا چاہتی ہے تو سب پر لگادے امتیازی سلوک نہ کرے حکومت پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے کارکنوں کوفوری رہا کرے ،بدھ کو پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے رحمان ملک نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہرالقادری کو دھرنہ ختم کرنے اورانتخابی سیاست کے میدان میں آنے پر خوش آمدید کہا،انہوں نے کہا کہ سیاسی جرگے کا اصل کام تینوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر اکٹھا کرنا تھا اور جس میں ہم کامیاب ہوئے ،رحمان ملک نے کہا کہ دھرنوں کے باعث پارلیمنٹیرینز چھپ کرپارلیمنٹ آتے تھے سیاسی جرگے کی کوششوں سے راستے صاف ہوئے ،انہوں نے عمران خان سے اپیل کی وہ بھی اپنے دھرنے کو ختم کریں اور اپنے کزن ڈاکٹرطاہرالقادری کے فیصلے کی پیروی کریں ،ایم کیوایم کو منانے کے حوالے سے رحمان ملک نے کہا کہ ایم کیوایم کو منانے کیلئے اپنے طور پر کوئی کوشش نہیں کی پارٹی قیادت سے کہا ہے کہ یہ صوبائی سطح کا مسئلہ ہے جسے سندھ کی قیادت کو حل کرنے دیا جائے ،انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کا اکٹھا رہنا صوبے اور وفاق کے مفاد میں ہے دونوں جانب کی قیادت سے گزارش ہے کہ وہ ماضی پر مٹی ڈالیں اور آگے بڑھیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں اس سلسلے میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو ئی کال نہیں کی اگرثابت ہوجائے تو میں استعفٰی دینے کو تیار ہوں ،انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ الطاف بھائی کو فون کروں اور وہ میرا فون سننے سے انکار کردیں ۔سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ تھرڈ ایمپائراور کوئی نہیں صرف آصف علی زرداری ہیں اگر وہ لاہور نہ جاتے تو آج حالات کوئی اور رخ اختیارکرچکے ہوتے ،انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور ملک کی بقاء بھی مفاہمت میں پوشیدہ ہے ،رحمان ملک نے میڈیاپر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسی اگرپابندیاں لگانا چاہتی ہے تو سب پر لگائے امتیازی سلوک نہ کرے ،سینیٹر رحمان ملک نے حکومت سے اپیل کی ہے وہ پاکستان عوامی تحریک اور پی ٹی آئی کے گرفتار ارکان فوری طور پررہا کرے ۔