ہمارے دھرنے نے حکومت کو ملک کے طول و عرض میں غیر مقبول کردیا ،سہیل عباسی ،

اپنے فیصلے خود کرتے ہیں ،راستہ بدلا ہے منزل نہیں ،کارکنوں سے خطاب

بدھ 22 اکتوبر 2014 22:19

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء) پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے میڈیا سیکرٹری سہیل عباسی نے کہا ہے کہ ہمارے 70دن کے دھرنے نے موجودہ حکومت کو ملک کے طول و عرض میں غیر مقبول کردیا ۔کروڑوں افراد کے دلوں میں انقلاب کی تڑپ پیدا کر دی۔اب شہر شہر جاکر عوام الناس کو اپنی جدوجہد میں شامل کیا جائے گا۔اپنے فیصلے خود کرتے ہیں ،راستہ بدلا ہے منزل نہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی سیکرٹریٹ البلال پلازہ چاندنی چوک میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ملک منظور احمد ،ریاض محمود قادری ،امجد عباسی بھی موجود تھے ۔سہیل عباسی نے کہا کہ ہم جذباتیت کے قائل نہیں ،تمام فیصلے بھرپور مشاورت کے بعد ہوتے ہیں۔دھرنے کے بیشتر مقاصد حاصل کر لئے ۔

(جاری ہے)

جو کچھ نہ پاسکے اسے کسی دوسرے رستے سے حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔

ہمارے کارکنوں کی لازوال قربانیوں نے ساری قوم کو جگا دیا ۔تنقید کرنے والے ہمارے تنظیمی نظم سے ناواقف ہیں۔دھرنے سے پہلے ڈاکٹر صاحب نے تمام کارکنوں پر واضح کر دیا تھا کہ انقلاب پھولوں کی سیج نہیں،کارکن ہر قربانی کیلئے تیار تھے ۔لاہور اور فیصل آباد کے جلسوں نے ثابت کر دیا کہ پچھلی جدوجہد کے دوران کھویا کم اور پایا زیادہ ہے۔جو مقام سیاسی جماعتیں دہائیوں میں حاصل نہ کر سکیں ،پاکستان عوامی تحریک نے چند ماہ میں پالیا ۔

انہوں نے کہا کہ جن کروڑوں لوگوں تک ہماری آواز پہنچی ہے جدوجہد کے اگلے مرحلے پر انہیں ہر شہر جاکرتنظیمی نظم میں پرونا چاہتے ہیں ۔دسمبر کے آخر تک کروڑوں لوگ ہمارے ساتھ ہوں گے ۔مذاکرات کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کے مستعفی ہونیکی آفر، جھوٹ کا پلندہ ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کو انصاف نہ دینے والے تاریخ کی نظر میں مجرم ٹھہریں گے۔