چینی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کا عمل جاری ہے،بہت جلد چین کے صدر پاکستان کا دورہ کریں گے،چین قونصل جنرل

بدھ 22 اکتوبر 2014 22:05

چینی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کا ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء) کراچی میں چین کے قونصل جنرل ما یاوٴ( Ma Yauo) نے کہاکہ چینی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کا عمل جاری ہے اور بہت جلد چین کے صدر پاکستان کا دورہ کریں گے۔یہ بات انہوں نے کراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران کے وفد سے چینی قونصلیٹ میں ملاقات کے موقع پربات چیت میں کہی۔

اس موقع پرکے سی سی آئی کے صدر افتخار احمد وہرہ،سینئر نائب صدر محمدابراہیم کوسمبی اور نائب صدر آغا شہاب احمد خان کے علاوہ چین کے وائس قونصل جنرل موو یونگ پینگ(Mu Yongpeng) بھی موجود تھے۔چین کے قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے شعبے ، معاشی راہدی سمیت انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے مختلف منصوبوں پر چین کی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی حکمت عملی اپنی جگہ موجود ہے جس پر جلد عمل درآمد کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

چین ہمیشہ پاکستان کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور اس کی خارجہ پالیسی کے تحت بھی دونوں ملکوں کے کے درمیان مضبوط شراکت داری کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔کراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری( کے سی سی آئی) کے افتخار احمد وہرہ نے قونصل جنرل کی جانب سے چینی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے یقین دہانی کرانے کا خیر مقدم کیا جو یقینی طور پر دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کومزید مستحکم بنانے کاباعث ہو گا۔

انہوں نے چینی قونصل جنرل کے کراچی چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کو سراہتے ہوئے کہاکہ کراچی چیمبر نے چین کے ساتھ تجارت کے فروغ اور دوطرفہ تجارت کی نئی راہیں تلاش کرنے میں ہمیشہ موٴثر کردار ادا کیا۔ کراچی چیمبرنے چین کے ساتھ مضبوط تجارتی روابط پر بھرپور توجہ مرکوزرکھی ہوئی ہے ہمارا یہ ماننا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان تجارت کا فروغ پورے خطے کے لیے سود مند ثابت ہو گا۔

دونوں ممالک کو تجارت اورسرمایہ کاری میں اضافے کو مستحکم بنیاد پر ممکن بناناچاہیے۔ افتخار احمد وہرہ نے معاشی چیلنجز اورتوانائی بحران سے نمٹنے ، مزید سرمایہ کاری ، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور انفرااسٹرکچر کی ترقی میں چین سے مدد بھی طلب کی اور دوطرفہ تجارتی وفود کے تبادلے، تاجروں کے انفرادی دوروں پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہاکہ ایک دوسرے کے ملکوں میں سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد، مشترکہ شراکت داری اور بہتر سفری سہولیات کے ذریعے دوطرفہ تجارت کوباآسانی فروغ دیاجاسکتا ہے۔

کراچی چیمبرکے نائب صدر آغا شہاب احمد خان نے پاکستان کے تجارتی خسارے کو کم کرنے کے لیے چین کے لیے برآمدات میں اضافے میں مدد طلب کرتے ہوئے کہاکہ چین میں چاول کی طلب بہت زیادہ ہے لہٰذا پاکستان کو چین کے لیے چاول کی برآمدات میں نمایاں اضافے کے اقدامات عمل میں لانے چاہیے۔انہوں نے کہاکہ چاول کے علاوہ کموڈٹیزسمیت دیگر اہم مصنوعات کی برآمدات کا بھی جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :